۶۴۔ سورۃ التغابن
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ کی تسبیح کر رہا ہے۔ بادشاہت بھی اسی کی ہے اور تعریف بھی اسی کی ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
وہی ہے جس نے تم کو پیدا کیا ہے۔ پس تم میں سے کوئی تو کافر بن جاتا ہے اور کوئی مومن بن جاتا ہے۔ اور اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا ہے۔
آسمانوں اور زمین کو اس نے ایک خاص غرض کے ماتحت پیدا کیا ہے اور اسی نے تمہاری صورتیں بنائی ہیں اور تمہاری صورتوں کو بہت اچھا بنایا ہے اور اسی کی طرف تم نے لوٹ کر جانا ہے۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے وہ اسے جانتا ہے۔ اور اس عمل کو بھی جانتا ہے جسے تم چھپاتے ہو یا ظاہر کرتے ہو۔ اور اللہ دل کی باتوں کو بھی جانتا ہے۔
کیا تم کو اپنے سے پہلے کافروں کی خبریں نہیں پہنچیں۔ انہوں نے اپنے اعمال کی سزا بھگتی اور ان کے لئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
یہ اس لئے ہوا کہ ان کے پاس ان کے رسول دلائل لیکر آتے رہے مگر وہ یہی جواب دیتے رہے کہ کیا انسانی شکل میں آنے والے لوگ ہی ہم کو ہدایت دیں گے (اگر ہدایت دینی ہوتی تو فرشتے آسمان سے اترتے) سو انہوں نے کفر کیا اور پیٹھ پھیر لی۔ اور اللہ نے بھی ان کے ایمان سے بے نیازی ظاہر کی اور اللہ ہر ایک سے بے احتیاج (اور) بڑی تعریفوں کا مستحق ہے۔
کافر خیال کرتے ہیں کہ کبھی بھی وہ (زندہ کرکے) نہیں اٹھائے جائیں گے تو کہہ دے جس طرح تم خیال کرتے ہو۔ ایسا نہیں ہوگا۔ بلکہ مجھ کو اپنے رب کی قسم تم کو زندہ کرکے اٹھایا جائے گا، پھر تم کو تمہارے اعمال سے واقف کیا جائے گا اور یہ بات اللہ پر آسان ہے۔
پس اے لوگو! اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس نور (یعنی قرآن) پر بھی جو ہم نے اتارا ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے خبردار ہے۔
جس دن تم سب کو اکٹھا کرنے کے دن (یعنی قیامت کے دن زندہ کرکے) جمع کرے گا، یہ ہار جیت کے فیصلہ کا دن ہوگا اور جو کوئی اللہ پر ایمان لاتا ہے اور اس کے مطابق عمل کرتا ہے اللہ بھی اس کی بدیوں کو ڈھانپ دیتا ہے اور اس کو ایسی جنتوں میں داخل کرتا ہے جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں۔ وہ ہمیشہ کے لئے ان میں رہتے چلے جائیں گے، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔
اور جنہوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا، وہ دوزخی ہیں (اور) وہ دوزخ میں رہتے چلے جائیں گے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
کوئی مصیبت نہیں آتی، مگر اللہ کے حکم سے۔ اور جو اللہ پر ایمان لاتا ہے، وہ اس کے دل کو کامیابی کے طریقوں کی طرف پھیر دیتا ہے اور اللہ ہر چیز کو جانتا ہے۔