۶۴۔ سورۃ التغابن

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور اللہ اور رسول کی اطاعت کرو۔ لیکن اگر تم پھر جاؤ، تو ہمارے رسول پر صرف کھول کر بات پہنچا دینا ہی فرض ہے۔

اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور مومنوں کو اللہ پر ہی توکل کرنا چاہیے۔

اے مومنو! تمہاری بیویوں اور اولادوں میں سے بعض ایسے ہیں جو تمہارے دشمن ہیں۔ پس ان سے ہوشیار رہو اور اگر تم عفو سے کام لو اور درگذر کرو، اور معاف[1] کرو۔ تو اللہ بڑا معاف کرنے والا (اور) بے انتہا کرم کرنے والا ہے۔

[1] عَفْو۔ صَفْح اور مَغْفِرَۃ بظاہر ہم معنے لفظ ہیں۔ لیکن درحقیقت ان کے معنوں میں فرق ہے۔ عَفْو ایسے معاف کرنے کو کہتے ہیں جس میں دل سے معاف کیا جائے اور صَفْحٌ اس معاف کرنے کو کہتے ہیں جس میں سزا دینے سے گریز کیا جائے اور غُفْرَان ایسی معافی کو کہتے ہیں جس میں گنہگار کے گناہ کا بھی لوگوں سے ذکر نہ کیا جائے اور اس طرح گناہ کی بالکل پردہ پوشی کر دی جائے۔

تمہارے مال اور تمہاری اولادیں صرف ایک آزمائش کا ذریعہ ہیں۔ اور اللہ کے پاس بڑا اجر ہے۔

پس جتنا ہو سکے اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور اس کی بات سنو اور اس کی اطاعت کرو، اور اپنے مال اس کی راہ میں خرچ کرتے رہو۔ یہ تمہاری جانوں کے لئے بہتر ہوگا اور جو لوگ اپنے دل کے بخل سے بچائے جاتے ہیں وہ کامیاب ہوتے ہیں۔

اگر تم اللہ کے لئے اپنے مالوں میں سے ایک اچھا حصہ کاٹ کر الگ کر دو، تو وہ اس حصہ کو تمہارے لئے بڑھائے گا اور تمہارے لئے بخشش کے سامان پیدا کرے گا اور اللہ بہت قدر دان (اور) ہر بات کو سمجھنے والا ہے۔

وہ حاضر اور غائب کو جانتا ہے اور غالب (اور) حکمت والا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی