۶۵۔ سورۃ الطلاق

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اے[1] نبی! (اور اس کے ماننے والو) جب تم بیویوں کو طلاق دو تو ان کو مقررہ [2]وقت کے مطابق طلاق دو اور (طلاق کے بعد) وقت کا اندازہ رکھو اور اللہ کا جو تمہارا رب ہے تقویٰ اختیار کرو، ان کو ان کے گھروں سے نہ نکالو اور نہ وہ خود نکلیں سوائے اس کے کہ وہ ایک کھلے گناہ [3]کی مرتکب ہوں۔ اور یہ اللہ کی حدیں ہیں اور جو کوئی اللہ کی حدوں کو توڑ دیتا ہے وہ اپنی جان پر ظلم کرتا ہے (اے طلاق دینے والے)! تجھے معلوم نہیں کہ شاید اللہ اس واقعہ کے بعد کچھ اور ظاہر کرے۔

[1] خطاب میں لفظ نبی ہے، مگر مراد ان کے ماننے والے ہیں۔ کیونکہ اَتباع نبی کے ماتحت ہوتے ہیں۔

[2] یعنی غصّہ کی حالت میں طلاق نہ دو۔ بلکہ ایسے طُہر میں طلاق دو جس سے پہلے صحبت نہ کی ہو۔ تاکہ سب غصہ دور ہو چکا ہو اور شہوت نے بھڑک کر محبت پیدا کر دی ہو۔ اور طلاق کی نوبت ہی نہ آئے۔

[3] مطلب یہ کہ اگر وہ نکلیں گی تو وہ ایک کھلے گناہ کی مرتکب ہوں گی۔

پھر جب عورتیں عدت کی آخری حد کو پہنچ جائیں تو انہیں مناسب طریق پر روک لو یا انہیں مناسب طریق پر فارغ کردو۔ اور اپنے میں سے دو منصف گواہ مقرر کرو۔ اور خدا کے لئے سچی گواہی دو۔ تم میں سے جو کوئی اللہ اور یوم آخر پر ایمان لاتا ہے اس کو یہ نصیحت کی جاتی ہے اور جو شخص اللہ کا تقویٰ اختیار کرے گا اللہ اس کے لئے کوئی نہ کوئی رستہ نکال دے گا۔

اور اس کو وہاں سے رزق دے گا جہاں سے رزق آنے کا اسے خیال بھی نہیں ہوگا اور جو کوئی اللہ پر توکل کرتا ہے وہ (اللہ) اس کے لئے کافی ہے اللہ یقیناً اپنے مقصد کو پورا کرکے چھوڑتا ہے اللہ نے ہر چیز کا اندازہ مقرر کر چھوڑا ہے۔

اور (تمہاری بیویوں میں سے) وہ (عورتیں) جو حیض سے مایوس ہو چکی ہوں اگر (ان کی عدت کے متعلق) تمہیں شبہ ہو تو ان کی عدت تین مہینے ہے اور اسی طرح ان کی بھی جن کو حیض[1] نہیں آرہا۔ اور جن عورتوں کو حمل ہو ان کی عدت وضع حمل تک ہے اور جو کوئی اللہ کا تقویٰ اختیار کرے اللہ ضرور اس کے معاملہ میں آسانی پیدا کر دیتا ہے۔

[1] یعنی اس وقت حیض رُک چکا ہے یا آیا ہی نہیں، جیسا کہ بعض عورتوں کو بیماری ہوتی ہے۔

یہ اللہ کا حکم ہے جو اس نے تمہاری طرف اتارا ہے اور جو کوئی اللہ کا تقویٰ اختیار کرے وہ (خدا) اس کی بدیاں مٹا دیتا ہے اور اس کے اجر کو بڑھا دیتا ہے۔

(اے مسلمانو! مطلقہ عورتوں کے حق کو نہ بھولو) ان کو وہیں رکھو جہاں تم اپنی طاقت کے مطابق رہتے ہو۔ اور ان کو کسی قسم کا ضرر نہ دو اس لئے کہ ان کو تنگ کرکے (گھر سے) نکال دو۔ اور اگر وہ حمل والی ہوں، تو اس وقت تک ان پر خرچ کرو جب تک وضع حمل ہو جائے اور اگر وہ تمہارے لئے بچوں کو دودھ پلائیں، تو ان کو معقول اجرت دو اور اس کا فیصلہ حسب دستور باہمی مشورہ سے کرو اور اگر آپس میں کسی فیصلہ پر اکٹھے نہ ہو سکو تو کوئی اور عورت اس بچے کو دودھ پلائے۔

چاہیے کہ مال دار مرد (دودھ پلانے والی عورت پر) اپنی طاقت کے مطابق خرچ کرے۔ اور جو مالدار نہیں ہے وہ اللہ کے دئے کے مطابق خرچ کرے اللہ کسی نفس کو ایسے احکام نہیں دیتا جو اس کی طاقت سے بڑھ کر ہوں بلکہ ایسے ہی احکام دیتا ہے جن کے پورا کرنے کی توفیق بھی ان کو بخشی ہو۔ چنانچہ اگر کوئی شخص خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے دودھ پلانے والی عورت کی مزدوری صحیح طور پر دے گا تو اگر وہ تنگی کی حالت میں بھی ہے تو اللہ اس کے بعد اس کے لئے فراخی کی حالت پیدا کر دے گا۔

اور بہت سی بستیاں ہیں جنہوں نے اپنے رب کے حکم کا اور رسولوں کا انکار کیا۔ اس پر ہم نے ان سے بڑی سختی سے حساب لیا اور ان پر بڑا عذاب نازل کیا۔

اور انہوں نے اپنے کیے کی سزا بھگت لی۔ اور ان کا انجام گھاٹا ہی نکلا۔

ایسے لوگوں کے لئے اللہ نے سخت عذاب مقرر کیا ہے۔ پس اے مومنوں میں سے عقل مندو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ نے تمہارے لئے شرف کا سامان یعنی رسول اتارا ہے

یعنی رسول اتارا ہے جو تم کو اللہ کی ایسی آیات سناتا ہے جو (ہر نیکی اور بدی کو) کھول دیتی ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوتا [1]ہے کہ مومن لوگ جو اپنے ایمان کے مطابق عمل کرتے ہیں، وہ اندھیروں سے نکل کر نور میں آجاتے ہیں اور جو بھی اللہ پر ایمان لائے، اور اس کے مطابق عمل کرے وہ اس کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا، جن کے نیچے نہریں بہتی ہونگی۔ وہ اس میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے اللہ نے ایسے شخص کو بڑا پسندیدہ روزی عطا فرمائی ہے۔

[1] یہاں لاَم ِعاقبت ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی