۶۶۔ سورۃ التحريم
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے نبی! تو اس (چیز) کو کیوں[1] حرام کرتا ہے جس کو اللہ نے تیرے لئے حلال کیا ہے تو اپنی بیویوں کی خوشی چاہتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بے انتہا کرم کرنے والا ہے۔
[1] رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک دفعہ ایک بیوی نے جس کے گھر باری تھی شہد کا شربت پلایا جو آپ کو پسند تھا۔ اس وجہ سے آپ دیر تک اس کے ہاں ٹھہرے۔ دوسری بیویوں کو یہ بُرا لگا۔ ایک بیوی نے جسے شاید شہد پسندنہ تھا، آپ سے کہا یا رسول اللہ آپ کے منہ سے بُو آتی ہے۔ آپ بہت نازک طبع تھے۔ آپ نے دل میں عہد کیا کہ آئندہ شہدنہ پئیں گے۔ اس پر یہ آیات نازل ہوئیں اور کہا گیا کہ شہد کو خداتعالیٰ نے اچھا قرار دیا ہے۔ کسی بیوی کی خاطر اس کا ترک بُری بات ہے۔ بعض مفسرین نے اس آیت کی بہت گندی تفسیر کی ہے یعنی یہ کہ آپ نے حضرت ماریہؓ سے جو آپ کی لونڈی تھی صحبت کی اور پھر یہ بات ایک بیوی سے عہد لیکر بتادی۔ اس نے دوسری بیویوں کو بتا دیا اور یہ بات پھیل گئی۔ یہ سب قصّہ غلط ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بدنام کرنے کے لئے گھڑا گیا ہے صحیح واقعہ وہی ہے جو ہم نے لکھا ہے۔ آپ نے ایک بیوی کے ہاں شہد پیا اور دوسری بیوی کو دیر کی وجہ بتائی۔ اس پر اس نے اور اس کی کسی سہیلی نے سمجھا کہ شہد تو بعض دفعہ بودار بوٹیوں کا بھی ہوتا ہے آپ سے کہنا چاہیئے کہ شہد سے بعض دفعہ بُو آتی ہے اس سے آپ اس بیوی کے ہاں زیادہ جانا چھوڑ دیں گے اسی واقعہ کا اس جگہ ذکر ہے (فتح البیان جلد۹)
اللہ نے تم پر ایسی قسموں کے کھولنے کو واجب کیا ہے (جن سے فتنہ پیدا ہو) اور اللہ تمہارا آقا ہے اور وہ بہت جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
اور یاد کرو جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی ایک سے ایک مخفی بات کہی۔ پھر جب اس نے وہ بات کسی کو بتا دی اور اللہ نے اس (کمزوری) کی خبر اس (یعنی نبی) کو دے دی، تو اس نے (بات کا) کچھ حصہ بیوی کو بتا دیا اور کچھ حصہ سے پردہ پوشی کی۔ پھر جب اس نے امر واقعہ کی خبر اس (بیوی) کو دی تو اس نے کہا کہ آپ کو یہ خبر کس نے دی ہے اس پر اس (یعنی نبی) نے کہا کہ مجھے بڑے علم والے (اور) واقف کار خدا نے خبر دی ہے۔
پھر اس نے کہا کہ اے دونوں بیویو! اگر تم اپنی غلطی پر اللہ سے توبہ کرو تو تم دونوں کے دل تو پہلے ہی اس بات کی طرف جھکے[1] ہوئے ہیں (اور توبہ کے لئے تیار ہیں) اور اگر تم دونوں ایک دوسرے کی پشت پناہی کے لئے کھڑی ہو جاؤ تو یاد رکھو کہ اللہ اس رسول کا دوست ہے، اسی طرح جبریل اور سب مومن اور علاوہ اس کے فرشتے بھی نبی کی پشت پر ہیں۔
[1] مفسرین نے پھر یہاں غلطی کی ہے اور معنے یہ کیے ہیں کہ تمہارے دل ٹیڑھے ہو گئے ہیں۔ حالانکہ خداتعالیٰ نے فرمایا تھا کہ تمہارے دل پہلے ہی توبہ کی طرف مائل ہیں لغت میں لکھا ہے کہ صَغٰی اِلَیْہِ کے معنے ہیں مَالَ (مفردات) پس فَقَدْ صَغَتْ قُلُوْبُکُمَا کے معنے یہی ہو سکتے ہیں کہ تمہارے دل تو توبہ کی طرف پہلے ہی مائل ہیں۔ نہ معلوم مفسرین کو یہ کیوں شوق ہوا کہ ازواج مطہرات کو جن کے متعلق خداتعالیٰ فرما چکا ہے کہ اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰہُ لِیُذْھِبَ عَنْکُمُ الرِّجْسَ اَھْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَھِّرَکُمْ تَطْھِیْرًا (احزاب: ۳۴) گندہ قرار دیں۔ شاید کسی شیعہ نے تفسیروں میں یہ بات لکھ دی ہے کیونکہ ان کا عقیدہ ہے کہ اہل بیت صرف حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ اور آپ کے بچے ہیں۔ بیویاں اہل بیت نہیں۔ حالانکہ قرآن کریم نے حضرت ابراہیمؑ کی بیوی کو اہل بیت قرار دیا ہے۔
اس کے رب کے لئے بالکل ممکن ہے کہ اگر وہ تم کو طلاق دے دے تو وہ تم سے زیادہ اچھی بیویاں بدل کر اس کو دے دے جو مسلمان بھی ہوں مومن بھی ہوں فرمانبردار بھی ہوں توبہ کرنے والی، عبادت کرنے والی، روزہ رکھنے والی، بیوہ بھی ہوں اور کنواریاں بھی۔
اے مومنو! اپنے اہل کو بھی اور اپنی جانوں کو بھی دوزخ سے بچاؤ جس کا ایندھن خاص لوگ (یعنی کافر) ہونگے اور اسی طرح پتھر (جن[1] سے بت بنے) اس (دوزخ) پر ایسے ملائکہ مقرر ہیں جو کسی کی منت سماجت سننے والے نہیں بلکہ اپنے فرض کے ادا کرنے میں بڑے سخت ہیں اور اللہ نے ان کو جو حکم دیا ہے اس کی وہ نافرمانی نہیں کرتے اور جو کچھ کہا جاتا ہے وہی کرتے ہیں۔
[1] سوال ہو سکتا ہے کہ بتوں کو آگ میں ڈالنے کی کیا غرض ہے وہ تو بے جان ہیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ گو وہ بے جان ہیں مگر کفار تو ان کو خدائی صفات دیتے تھے۔ ان کو جہنم میں ڈالنے سے کفار پر ان کے عقیدہ کی غلطی ثابت ہوتی تھی۔ اور بتوں پر کوئی ظلم نہ تھا۔ کیونکہ وہ بے جان ہیں۔
اے کافرو! آج عذر نہ کرو۔ تم کو تمہارے اعمال کے مطابق جزا ملے گی۔
اے مومنو! اللہ کی طرف خالص طور پر رجوع کرو (منافقت کی کوئی ملاوٹ نہ ہو) کوئی تعجب نہیں کہ تمہارا رب تمہاری بدیوں کو مٹا دے اور تم کو ایسی جنتوں میں داخل کرے جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں اس دن جس دن اللہ اپنے نبی کو رسوا نہیں کرے گا اور نہ ان لوگوں کو جو اس کے ساتھ ایمان لائے ہیں ان کا نور ان کے آگے آگے بھی بھاگتا جائے گا اور دائیں پہلو کے ساتھ ساتھ بھی، وہ کہیں گے کہ اے ہمارے رب! ہمارا نور ہمارے فائدہ کے [2]لئے پورا کر دے اور ہمیں معاف فرما، تو ہر چیز پر قادر ہے۔
[2] لَام عربی میں فائدہ کے معنے ادا کرنے کے لئے آتا ہے اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ اے ہمارے ربّ ہمارا نور ہمارے فائدہ کے لئے پورا کر دے۔
اے نبی! کافروں اور منافقوں کے خلاف خوب تبلیغ کر اور ان کا کوئی اثر قبول نہ کر[3]، اور (سمجھ لے کہ) ان کا ٹھکانا جہنم ہے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
[3] غِلْظَۃٌ کے معنے ایسی سختی کے ہوتے ہیں، جس میں کوئی چیز گُھس نہ سکے۔ پس اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ کفار کا کوئی اثر قبول نہ کر۔ اس کے یہ معنے نہیں کہ ان کے کفر کی باتیں قبول نہ کر۔ کیونکہ ان کا قبول کرنا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ناممکن تھا۔ اثر قبول کرنے سے یہی مراد ہو سکتا ہے کہ اگر کسی وقت وہ حملہ کریں تو دل میں یہ خیال نہ کر کہ ایسا نہ ہو کہ اسلامی ملک کو یہ نقصان پہنچائیں یا اسلام کی ترقی میں روک بن جائیں۔ کیونکہ ان کو ہم نے اپنے قابو میں کیا ہوا ہے اور تیرے قابو میں بھی کر دیا ہے اور ان کے لئے تباہی مقدر ہے۔ پس یہ ممکن ہی نہیں کہ اگر عارضی طور پر ان کو کوئی ترقی ملے بھی تو اس کے نتیجہ میں یہ مسلمانوں کو کوئی نقصان پہنچا سکیں۔
اللہ کافروں کی حالت نوح اور لوط کی بیویوں کی مانند بیان کرتا ہے۔ وہ دونوں ہمارے نیک بندوں کے نکاح [1]میں تھیں۔ مگر ان دونوں نے ان دونوں (بندوں) کی خیانت کی تھی اور وہ دونوں الٰہی عذاب کے وقت ان (بیویوں) کے کسی کام نہ آسکے[2]۔ اور ان دونوں عورتوں سے کہا گیا تھا کہ جہنم میں جانے والوں کے ساتھ تم بھی جہنم میں چلی جاؤ۔
[1] قرآن مجید میں تَحْتَ کا لفظ آتا ہے۔ جس کے معنے نیچے کے ہیں۔ مگر عربی محاورہ کے مطابق عورت کے مرد کے ماتحت ہونے کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ وہ اس کی بیوی تھی۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں قرآن کریم نے یہ نہیں فرمایا کہ کَانَتَا تَحْتَھُمَا وہ ان دونوں کے ماتحت تھیں بلکہ یہ کہا ہے کہ وہ ہمارے دو بندوں کے ماتحت تھیں اور جو خدا کا بندہ ہو وہ کسی قسم کا ظلم نہیں کر سکتا۔ پس ان الفاظ سے بتا دیا ہے کہ گو وہ عورتیں نوحؑ اور لوطؑ کے ماتحت تھیں مگر پھر بھی وہ ماتحتی مجبوری کی نہیں تھی بلکہ ارادت اور عقیدت کی تھی۔
[2] یعنی خداتعالیٰ کا معاملہ ہر انسان سے انفرادی ہوتا ہے۔ اگر کوئی نیک بندہ ہو تو وہ اپنا ہی بوجھ اٹھا سکتا ہے دوسرے کا نہیں اٹھا سکتا۔ بلکہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں کوئی بدی کریں گی تو ان کو دُگنا عذاب ملے گا۔ (احزاب: ۳۱) پس نیک آدمی کی بیوی بننے سے عورت کسی رعایت کی مستحق نہیں ہوتی بلکہ اس کی ذمّہ واری بڑھ جاتی ہے۔
اور مومنوں کی حالت اللہ فرعون کی بیوی کی مانند بیان کرتا ہے جبکہ اس نے اپنے رب سے کہا، کہ اے خدا! تو اپنے پاس ایک گھر جنت میں میرے لئے بھی بنا دے اور مجھ کو فرعون اور اس کی بداعمالیوں سے بچا اور اسی طرح (اس کی) ظالم قوم سے نجات دے۔