۶۶۔ سورۃ التحريم
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور پھر اللہ مومنوں کی حالت مریم کی طرح بیان کرتا ہے جو عمران[1] کی بیٹی تھی۔ جس نے اپنے ناموس کی حفاظت کی اور ہم نے اس میں اپنا کلام ڈال[2] دیا تھا اور اس نے اس کلام کی جو اس کے رب نے اس پر نازل کیا تھا تصدیق کر دی تھی[3]۔ اور اس (خدا) کی کتابوں پر بھی ایمان لائی تھی[4] اور (ہوتے ہوتے ایسی حالت پکڑ لی تھی کہ) اس نے فرمانبرداروں کا مقام حاصل کر لیا تھا[5]۔
[1] لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ عمران تو موسٰیؑ کے والد تھے، اور حضرت مریمؑ اُن سے ڈیڑھ ہزار سال بعد پیدا ہوئی تھیں۔ معلوم ہوتا ہے کہ قرآنِ کریم کے بھیجنے والے کو تاریخ کا بھی علم نہیں تھا، مگر یہ اعتراض بے عقلی پر دلالت کرتا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے خود اسی قسم کا اعتراض کیا گیا تھا اور آپ نے فرمایا تھا کہ یہ کوئی عجیب بات نہیں۔ ہر قوم میں یہ رواج ہے کہ اپنے بڑے آدمیوں کا نام تبرک کے طور پر رکھتے ہیں۔ پس مریم کے باپ کا بھی اگر اس کے باپ نے تبرک کے طور پر عمران نام رکھ دیا ہو تواس میں تعجب کی کونسی بات ہے۔
[2] لوگ کہتے ہیں کہ مسیحؑ روح ہے کیونکہ وہ مریمؑ کے پیٹ میں ڈالا گیا تھا۔ لیکن یہ نا سمجھی کی بات ہے روح کے معنے جیسا کہ ہم پہلے سے لکھ چکے ہیں کلام کے بھی ہوتے ہیں۔ پس اس کے محض یہ معنے ہیں کہ ہم نے مریمؑ پر اپنا کلام نازل کیا تھا اور اس کو الہام کے ذریعہ سے مسیحؑ کی پیدائش کی خبر دی تھی۔
[3] یعنی اس بات پر ایمان لائی تھی کہ واقعہ میں مجھے خداتعالیٰ کی طرف سے ایک بیٹا دیا جانے والا ہے۔
[4] یعنی مسیحؑ کے متعلق جو پیشگوئیاں پرانی کتابوں میں پائی جاتی تھیں، مریمؑ صرف اپنی وحی کے ذریعہ سے ان پر ایمان نہیں لائی، بلکہ ان کتابوں کی پیشگوئیوں کے ذریعہ بھی ایمان لائی۔
[5] کَانَتْ کا صیغہ مؤنث کا ہے مگر مِنَ الْقٰنِتِیْنَ میں قَانِتٌ مذکر آیا ہے۔ جس کے معنے یہ بنتے ہیں کہ وہ عورت ذات فرمانبرداروں میں شامل ہوگئی۔ یعنی اس کو ترقی دیتے دیتے اللہ تعالیٰ نے وہ مقام دے دیا، جو کامل مردوں کو حاصل ہوتا ہے یہ ایک پیشگوئی تھی کہ آئندہ زمانہ میں خداتعالیٰ کی طرف سے ایک ایسا آدمی ظاہر ہوگا جس کو پہلے مریم کا نام دیا جائے گا اور پھر ترقی کرتے کرتے اس کو عیسیٰ کا نام دیا جائے گا۔ جو مرد کامل تھا۔