۶۷۔ سورۃ الملك
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
بہت برکت والا ہے وہ (خدا) جس کے قبضہ میں بادشاہت ہے اور وہ ہر ایک ارادہ کے پورا کرنے پر قادر ہے۔
اس نے موت اور زندگی کو اس لئے پیدا کیا ہے کہ وہ تم کو آزمائے کہ تم میں سے کون زیادہ اچھا عمل کرنے والا ہے، اور وہ غالب (اور) بہت بخشنے والا ہے۔
وہی ہے جس نے سات آسمان درجہ بدرجہ بنائے ہیں (اور) تو رحمن (خدا) کی پیدائش میں کوئی رخنہ نہیں دیکھتا۔ اور تو اپنی آنکھ کو (ادھر ادھر) پھیر کر اچھی طرح سے دیکھ لے! کیا تجھے (خدا کی مخلوق میں کسی جگہ بھی) کوئی رخنہ نظر آتا ہے۔
پھر باربار نظر کو چکر دے، وہ آخر تیری طرف ناکام ہو کر لوٹ آئے گی، اور وہ تھکی ہوئی ہوگی (اور کوئی رخنہ نظر نہ آئے گا)۔
اور ہم نے نچلے آسمان کو چراغوں کے ساتھ زینت دی ہے اور ان (چراغوں) کو شیطانوں کے لئے پتھراؤ کا باعث بنایا ہے اور ہم نے ان (شیطانوں) کے لئے ایک بھڑکنے والا عذاب مقرر کیا ہے۔
اور جنہوں نے اپنے رب کا انکار کیا ہے انہیں جہنم کا عذاب پہنچے گا اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
جب وہ اس (جہنم) میں ڈالے جائیں گے تو وہ اس میں اس کی ایک بڑی[1] چیخ سنیں گے (جیسے گدھے کے رینگنے کی آواز) اور وہ (جہنم بڑے) جوش میں ہوگی۔
[1] یہاں سَمِعُوْا لَھَا کے الفاظ ہیں اور لام ملکیت کے لئے بھی آتا ہے اور یہی معنے ہم نے کیے ہیں، یعنی وہ چیخ جہنم کی ہوگی جس میں سے شدتِ گرمی کی وجہ سے آوازیں نکلتی ہوں گی۔ جیسا کہ تیز گرمی ہو جائے تو تنور سے آواز نکلنے لگ جاتی ہے۔
قریب ہوگا کہ وہ غصہ کے مارے پھٹ پڑے۔ جب بھی اس میں کوئی جماعت ڈالی جائے گی، اس (جہنم) کے دربان ان سے پوچھیں گے کہ کیا تمہارے پاس کوئی نبی نہیں آیا تھا۔
وہ کہیں گے، ہاں ہمارے پاس نبی ضرور آیا تھا پر ہم نے اسے جھٹلا دیا تھا اور اس سے کہا تھا کہ اللہ نے کچھ بھی نہیں اتارا (سب تمہارا جھوٹ ہے) تم ایک کھلی گمراہی میں مبتلا ہو (اور اپنے خیالات کو الہام سمجھتے ہو)
اور ان لوگوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم سننے کی طاقت رکھتے یا عقل رکھتے تو کبھی دوزخی نہ بنتے۔
پس انہوں نے اپنے گناہوں کا اعتراف کر لیا، سو (اے فرشتو)! دوزخیوں کے لئے لعنت مقدر [2]کردو۔
[2] لعنت سُحْقاً کا ترجمہ ہے اور سُحْقاً مفعول مطلق ہے جس سے پہلے ایک فعل محذوف نکالنا نحو کے لحاظ سے ضروری ہے۔ اس کی وجہ سے ہم نے ’’مقدر کردو‘‘ کے الفاظ ترجمہ درست کرنے کے لئے محذوف نکالے ہیں۔