۶۷۔ سورۃ الملك
تفسیر صغیر, حصہ 2
یقیناً وہ لوگ جو کہ اپنے رب سے علیحدگی میں ڈرتے ہیں، ان کو مغفرت اور بڑا اجر ملے گا۔
اور (اے لوگو) تم اپنی بات کو چھپاؤ یا ظاہر کرو، وہ (خدا) دلوں کی بات کو بھی خوب جانتا ہے۔
کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ جس نے پیدا کیا ہو وہی اندر کے حال نہ جانے، حالانکہ وہ مخفی سے مخفی رازوں کا واقف اور بہت خبردار ہے۔
وہی ہے جس نے تمہارے لئے زمین کو رہنے کے قابل بنایا ہے پس اس کی وادیوں میں جاؤ اور اس (خدا) کے رزق سے کھاؤ اور اسی کی طرف لوٹ کے جانا ہے۔
کیا تم آسمان میں رہنے والی ہستی سے اس بات سے امن میں آگئے ہو کہ وہ تم کو دنیا میں ذلیل کر دے اور تم دیکھ لو کہ وہ (زمین) چکر کھا رہی ہے (اور تم تباہی کے قریب ہو)
کیا آسمان میں رہنے والی ہستی سے تم اس بات سے امن میں آگئے، کہ وہ تم پر پتھروں کا مینہ برسا دے، سو (جس شکل میں بھی میرا غضب نازل ہوگا) تم جان لو گے کہ میرا ڈرانا کیسا سخت تھا۔
اور ان سے پہلے لوگوں نے بھی رسولوں کو جھٹلایا تھا۔ پھر (انہوں نے دیکھا یا نہ دیکھا کہ) میرا عذاب کیسا سخت تھا۔
کیا انہوں نے اپنے اوپر (فضاؤں میں پر پھیلائے ہوئے) صف در صف پرندوں کو نہیں دیکھا جو کبھی (نیچے اترتے ہوئے اپنے پر) سمیٹ لیتے ہیں۔ رحمان (خدا) ہی ان کو روکتا [1]ہے وہ ہر چیز سے اچھی طرح واقف ہے۔
[1] یعنی زلزلوں سے اور بیماریوں سے اس نے تم کو محفوظ کیا ہوا ہے۔ ورنہ پرندے آسمان پر اڑتے ہوئے انتظار کر رہے ہیں کہ تم پر عذاب آئے اور وہ جھپٹ کر تمہاری لاشیں کھائیں۔
کیا وہ لوگ جو تمہارا لشکر کہلاتے ہیں، رحمن (خدا) کے مقابلہ میں تمہاری مدد کر سکیں گے؟ کافر تو صرف دھوکے میں مبتلا ہیں۔
کیا وہ ہستی جو تمہیں رزق دیتی ہے اگر اپنے رزق کو روک لے (تو کوئی ہے جو تم کو رزق دے؟) حقیقت یہ ہے کہ وہ سرکشی اور حق سے دور بھاگنے (کی عادت) میں بڑھ گئے ہیں۔
کیا وہ جو اپنے منہ کے بل اوندھا چلتا ہے زیادہ ہدایت یافتہ ہے یا وہ جو صراط مستقیم پر سیدھا چلنے والا ہے؟
تو کہہ دے کہ وہ خدا ہی ہے جس نے تم کو پیدا کیا ہے اور تمہارے لئے کان اور آنکھیں اور دل بنائے ہیں مگر تم بالکل شکر نہیں کرتے۔