۶۸۔ سورۃ القلم
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(ہم) قلم اور دوات کو اور اس کو جو ان (کے ذریعہ) سے لکھا جاتا ہے شہادت کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں[1]۔
[1] قرآن مجید میں جس قدر قَسمیں ہیں درحقیقت ان چیزوں کی گواہی پیش کرنے کے لئے ہیں۔ یہاں بھی یہی مراد ہے اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ قلم اور دوات اور سب علوم جو اُن سے لکھے جاتے ہیں اس پر گواہ ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجنون نہیں ہیں۔
کہ تو اپنے رب کے فضل سے مجنون نہیں۔
اور تجھے خدا کی طرف [2]سے ایک ایسا بدلہ ملے گا جو کبھی ختم نہ ہوگا۔
[2] یہ دوسری شہادت دی ہے کہ مجنون کے کام تو بغیر بدلہ کے رہتے ہیں لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تو وہ بدلہ ملے گا جو قیامت تک قائم رہے گا اور کبھی نہ گھٹے گا۔ یعنی اگر کبھی مسلمانوں کی کمزوری کی وجہ سے اس میں ضعف پیدا ہوا تو اللہ تعالیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسے نائب کھڑے کر دے گا جو پھر اسلام کو اپنی اصلی شان کے مطابق دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔
(اس کے علاوہ ہم یہ بھی قسم کھاتے ہیں کہ) تو (اپنی تعلیم اور عمل میں) نہایت اعلیٰ درجہ [3]کے اخلاق پر قائم ہے۔
[3] یہ تیسری شہادت آپ کے مجنون نہ ہونے کی بیان کی اور فرمایا کہ مجنون تو لغو کام کرتا ہے مگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہترین اخلاق دکھاتے ہیں پھر ان کو پاگل کس طرح کہا جاتا ہے۔
پس جلد تو بھی دیکھ لے گا اور وہ بھی دیکھ لیں گے (کہ الٰہی[4] مدد سے تو محروم رہتا ہے کہ وہ۔)
[4] یہ چوتھی شہادت دی کہ آپ پاگل نہیں اور فرمایا کہ کیا پاگل کو بھی خدا کی مدد ملتی ہے؟ پس اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا انجام ایسا ہوا کہ دشمن اور دوست نے اس کو غیر معمولی قرار دیا تو اسے پاگل کہنے والا پاگل ہوگا یا وہ؟
اور (ان کو پتہ لگ جائے گا کہ) تم (دونوں) میں سے کون گمراہ ہے۔
تیرا رب اس کو بھی خوب جانتا ہے، جو اس کے رستہ سے بھٹک گیا ہے اور اس کو بھی خوب جانتا ہے جو ہدایت یافتہ لوگوں میں شامل ہے۔
(اور جب تو خدا کی ہدایت پر قائم ہے اور تیرے منکر تباہ ہونے والے ہیں تو) تو ان منکروں کی بات نہ مان۔
یہ (کفار) خواہش رکھتے ہیں کہ تو اپنے دین میں کچھ نرمی کرے تو وہ بھی (اپنے طریق میں کچھ) نرمی کریں۔
اور تو اس کی بات کبھی نہ مان جو قسمیں کھاتا ہے (لیکن خدا کی طرف سے مدد نہ ملنے کے باعث) وہ[1] ذلیل (کا ذلیل ہی) رہتا ہے۔
[1] یعنی گواہی کا طریق عقل اور شریعت نے مقرر کر دیا ہے۔ جو شخص خلافِ عقل طور پر اپنی بات کو سچا بنانے کے لئے قسمیں کھاتا ہے لیکن خدا کا فعل اسے ذلیل ہی کرتا جاتا ہے وہ لاکھ قسمیں کھائے اس کی بات کو نہیں ماننا چاہیے۔
جس کو (نیکوں پر) طعنہ کرنے اور (ان کی) چغلیاں کرنے کی عادت ہے۔