۶۹۔ سورۃ الحاقة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
الحاقہ (یعنی وہ برحق خبر جو قرآن نے بتائی ہے)۔
(وہ) الحاقہ کیا ہے۔
اور تجھے کس چیز نے بتایا ہے کہ وہ پوری ہو کر رہنے والی خبر کیا ہے؟
ثمود اور عاد نے بھی قارعہ کو جھٹلایا تھا (جو اس زمانہ کے عذاب کی خبر تھی)
جہاں تک ثمود کا تعلق ہے وہ ایک ایسے عذاب سے ہلاک کئے گئے جو اپنی شدت میں انتہا کو پہنچ گیا تھا۔
اور عاد ایک ایسے عذاب سے ہلاک کیے گئے جو ہوا کی صورت میں آیا تھا جو یکساں چلتی جاتی تھی اور سخت تیز تھی۔
اس (اللہ) نے ہوا کو متواتر سات راتیں اور آٹھ دن ان کی تباہی کے لئے مقرر کر چھوڑا تھا۔ پس (اے دیکھنے والے) تو اس قوم کو ایک کٹی ہوئی گری پڑی حالت میں پائے گا۔ گویا کہ وہ کھجور کے ایک کھوکھلے درخت کی جڑیں[1] ہیں جن کو تیز آندھی نے گرا کر رکھ دیا۔
[1] اَعْجَازُ النَّخْلِ کے معنے ہیں اُصُوْلُھَا۔ کھجور کے درخت کی جڑیں (اقرب)
(اے مخاطب!) اب بتا کہ کیا ان کا کوئی نشان تجھے نظر آتا ہے۔
اور فرعون اور جو لوگ اس سے پہلے تھے (اس دنیا میں) خطا کار ہو کر آئے اور (قوم لوط) کی وہ بستیاں بھی جو گناہ کی وجہ سے الٹائی گئی تھیں۔
(اور) انہوں نے (بھی قصور کیے تھے اور) اپنے رب کے رسول کی نافرمانی کی تھی۔ پس ان کو بھی اللہ نے ایک ایسے عذاب سے پکڑا جو بڑھتا چلا جاتا تھا، (اور بہت سخت تھا)
ہم نے (نوح کے وقت میں) جب پانی بلند ہونا شروع ہوا تو تم لوگوں کو ایک کشتی میں سوار کر دیا تھا۔