۶۹۔ سورۃ الحاقة

تفسیر صغیر, حصہ 2

تا کہ اس (واقعہ) کو تمہارے لئے ایک نشان[1] قرار دیں اور سننے والے کان سنیں (اور دل اسے یاد رکھیں)

[1] یعنی ایسا ہی اب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قوم کے ساتھ ہوگا اور وہ بھی مختلف قسم کے عذابوں میں مبتلا کی جائے گی۔

پس جب صور میں زور سے ایک ہی دفعہ ہوا پھونکی جائے گی۔

اور زمین اور پہاڑوں کو ان کے مقام سے اٹھا لیا جائے گا، پس وہ ریزہ ریزہ ہو جائیں گے۔

اس دن مقررہ[2] واقعہ ظاہر ہو جائے گا۔

[2] یعنی اَلْحَآقَّہ کی پیشگوئی اس دن پوری ہوگی جب مکہ کے سردار اور عوام تباہ ہونے لگیں گے اور شکست پر شکست کھائیں گے۔

اور آسمان پھٹ [3]جائے گا اور وہ اس دن بالکل بودا نظر آئے گا۔

[3] یعنی مکہ والوں کاآسمان یعنی ان کا مذہب بالکل کھوکھلا ہو جائے گا اور لوگوں کے دلوں میں سے اس کی سچائی پر یقین جاتا رہے گا۔

اور فرشتے اس کے کناروں[1] پر ہوں گے اور اس دن تیرے رب کے عرش کو آٹھ[2] (فرشتے) اٹھا رہے ہوں گے۔

[1] ’’فرشتے اس کے کناروں پر ہوں گے‘‘۔ اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ وہی مسلمان جن کو کفار دشمن سمجھتے ہیں۔ آخری عذاب کے وقت کفار کو بچانے کے لئے دعائیں کر رہے ہوں گے۔

[2] یہ جو کہا کہ اس دن تیرے رب کے عرش کو آٹھ فرشتے اٹھائے ہوئے ہوں گے اس سے اس طرف اشارہ کیا کہ سورۃ فاتحہ میں تو خداتعالیٰ کی چار صفات کا ذکر ہے یعنی ربّ، رحمٰن، رحیم اور مالک یوم الدین کا۔ مگر فتح مکہ کے وقت خداتعالیٰ کی صفات اس زور سے جلوہ گر ہوں گی کہ گویا وہ چار کی جگہ آٹھ ہو جائیں گی اور زمین کے چپّہ چپّہ پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے جلال الٰہی ظاہر ہو رہا ہوگا۔

اس دن تم خدا کے سامنے پیش کیے جاؤ گے اور کوئی بات تم سے چھپی نہیں رہے گی (یعنی تمہارا سارا حساب تمہارے سامنے پیش کر دیا جائے گا)

پس جس کے داہنے ہاتھ میں اس کا اعمال نامہ دیا جائے گا وہ باقی ساتھیوں سے کہے گا کہ آؤ آؤ! میرا اعمال نامہ دیکھو۔[3]

[3] دایاں ہاتھ برکت پر دلالت کرتا ہے۔ پس جس کے دائیں ہاتھ میں اس کا اعمال نامہ دیا جائے گا وہ سمجھ لے گا کہ میرے لئے اچھا فیصلہ ہوا ہے اور میرے اعمال کو نیک قرار دیا گیا ہے۔ اس لئے وہ اپنے ساتھیوں کو بلائے گا اور کہے گا کہ آؤ اور میرا نتیجہ اور میرا اعمال نامہ دیکھو۔

مجھے یقین تھا کہ میں ایک دن اپنے حساب کو دیکھوں گا۔[4]

[4] مطلب یہ کہ قیامت پر یقین کی وجہ سے میں قیامت کے دن کے لئے تیاری کر رہا تھا سو اس کا فائدہ مجھے پہنچ گیا اور اللہ تعالیٰ نے میرے متعلق فیصلہ کر دیا کہ یہ بندہ نہایت ہی پسندیدہ زندگی کے دن دیکھے گا۔

پس ایسا شخص بڑی پسندیدہ زندگی کے دن دیکھے گا۔

اور بلند باغات میں رہے گا۔

اس کے پھل جھکے ہوئے ہوں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی