۷۰۔ سورۃ المعارج
تفسیر صغیر, حصہ 4
پس کافروں کو کیا ہو گیا ہے کہ تیری طرف غصہ سے سر اٹھا کر دوڑے آرہے ہیں۔
دائیں طرف سے بھی اور بائیں طرف سے بھی، گروہ در گروہ کی صورت میں۔
کیا ان میں سے ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کو نعمت والی جنت میں داخل کر دیا جائے (خواہ دنیوی ہو یا اخروی)
ایسا ہرگز نہیں ہوگا، ہم نے ان کو اس چیز سے پیدا کیا ہے، جس کو وہ جانتے ہیں۔
پس میں (اس قرآن کو نازل کرنے والے) مشرق و مغرب کے رب کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں، کہ ہم اس بات پر قادر ہیں۔
کہ اس قوم کو تباہ کرکے ایک اور اچھی قوم پیدا کر دیں اور کوئی ہم کو اس ارادہ سے باز نہیں رکھ سکتا۔
پس تو ان کو چھوڑ دے کہ یہ سچائی کو گدلا کرتے رہیں اور ہنسی کھیل میں مبتلا رہیں اس وقت تک کہ وہ اس دن کو دیکھ لیں جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے۔
جس دن وہ قبروں سے زندہ ہو کر نکلیں گے اور جلدی جلدی بھاگ رہے ہوں گے گویا کہ وہ خاص ستونوں کی طرف[1] دوڑتے جا رہے ہیں۔
[1] یہاں اگر دنیوی قیامت مراد لی جائے تو اس کے معنے یہ ہوں گے کہ جب دنیوی عذاب آجائے گا اور کفار میں ڈر کے مارے ایک نئی بیداری پیدا ہو جائے گی تو وہ اپنی قبروں میں سے تیزی سے باہر آجائیں گے یعنی زندگی کے شدید آثار ان میں پیدا ہو جائیں گے۔ جیسا کہ فتح مکہ کے بعد مکہ والوں میں پیدا ہوئے اور اتنے تیز آثار زندگی کے پیدا ہوں گے کہ یوں معلوم ہوگا کہ گویا وہ عالی شان ستونوں کی طرف دوڑتے جا رہے ہیں۔ اس کے معنے یہ ہیں کہ اس دن وہ عذاب سے پناہ لینے کی خاطر اپنے لیڈروں کی طرف دوڑ کر آئیں گے۔ چنانچہ فتح مکہ پر یہی حال ہوا۔ کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب یہ اعلان کیا کہ جو شخص اپنے گھر کے دروازے بند کرکے بیٹھ جائے گا اس کو پناہ دی جائے گی جو شخص ابوسفیان کے گھر میں گھس جائے گا اس کو پناہ دی جائے گی اور جو شخص بلالؓ کے جھنڈے کے نیچے کھڑا ہو جائے گا اس کو پناہ دی جائے گی۔ تو لوگ دیوانہ وار اپنے گھروں کی طرف دوڑے تاکہ ان کے دروازے بند کر لیں اور ابوسفیان کے گھر کی طرف دوڑے تا کہ اس میں پناہ لے لیں اور بلالؓ کے جھنڈے کی طرف دوڑے تا کہ اس کے نیچے کھڑے ہو کر امن پا سکیں اور چونکہ خانہ کعبہ کو بھی پناہ کی جگہ مقرر کیا گیا تھا۔ اس لئے وہ پاگلوں کی طرح خانہ کعبہ کی طرف بھی دوڑتے تھے تا کہ بچ جائیں۔
ان کی آنکھیں شرم سے جھکی ہوئی ہوں گی اور ان کے چہروں پر ذلت چھائی ہوئی ہوگی، یہ وہ دن ہے جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے۔