۷۰۔ سورۃ المعارج
تفسیر صغیر, حصہ 3
اور جن کے مالوں میں ایک مقررہ حصہ غریب سوالیوں کا بھی ہوتا ہے۔
اور ان کا بھی ہوتا ہے جو سوال کرنے سے محروم[1] ہیں۔
[1] جیسے جانور وغیرہ یا باوضع غریب۔
اور جو لوگ جزا سزا کے دن کی تصدیق کرتے ہیں۔
اور جو لوگ اپنے رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں۔
(اور واقعہ یہی ہے) کہ ان کے رب کے عذاب سے کوئی اپنے زور سے بچ نہیں سکتا۔
اور وہ لوگ بھی جو اپنے سوراخوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
سوائے اپنی بیویوں یا لونڈیوں کے۔ ان پر کوئی ملامت نہیں۔
مگر جو لوگ اس سے آگے بڑھنے کی خواہش کرتے ہیں وہ حد سے بڑھنے والے ہیں۔
(اور اسی طرح وہ لوگ بھی عذاب سے محفوظ ہیں) جو اپنے پاس رکھی ہوئی امانتوں اور اپنے عہدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
اور جو اپنی گواہیوں پر قائم رہتے ہیں (کسی سے ڈر کر جھوٹی گواہیاں نہیں دیتے)۔
اور وہ لوگ بھی جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
وہ جنتوں میں اعزاز کے ساتھ رکھے جائیں گے۔