۷۱۔ سورۃ نوح

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف یہ کہہ کر بھیجا تھا کہ اپنی قوم کو اس وقت سے پہلے ہوشیار کر جب کہ ان پر دردناک عذاب نازل ہو۔

اس نے (اپنی قوم سے مخاطب ہو کر) کہا تھا۔ اے میری قوم! میں تمہاری طرف ایک کھلا کھلا ڈرانے ولا (نبی) ہو کر آیا ہوں۔

(اور تم سے کہتا ہوں کہ) صرف اللہ کی عبادت کرو اور اسی کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔

وہ تمہارے گناہوں کو معاف کرے گا اور تم کو ایک وقت مقررہ تک مہلت دے گا اور اگر تم جانتے ہو (تو سمجھ لو کہ) یقیناً (کسی قوم کی تباہی کے لئے) خدا کی مقرر کردہ گھڑی جب آجائے تو اسے ٹالا نہیں جا سکتا۔

پھر اس نے (خدا سے) کہا، اے میرے رب! میں نے اپنی قوم کو رات کے وقت بھی پکارا اور دن کے وقت بھی پکارا۔

مگر میری تبلیغ کی وجہ سے وہ اور بھی دور بھاگنے لگے۔

اور میں نے جب کبھی ان کو تبلیغ کی تا کہ وہ مان لیں اور تو ان کو معاف کر دے تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں میں ڈال لیں اور اپنے کپڑے (اپنے سر کے گرد) لپیٹ لیے اور انکار پر اصرار کیا اور شدید تکبر سے کام لیا۔

پھر میں نے ان کو بلند آواز سے (یعنی تقریروں کے ذریعہ سے) تبلیغ کی۔

پھر میں نے ان کو ظاہر میں سمجھانے کے بعد ان کو پوشیدہ تبلیغ کی۔

اور میں نے ان سے کہا اپنے رب سے استغفار کرو، وہ بڑا بخشنے والا ہے۔

اگر تم توبہ کرو گے تو وہ برسنے والے بادل کو تمہاری طرف بھیجے گا۔

آج 10 میں سے 10 باقی