۷۲۔ سورۃ الجن

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

تو کہہ دے مجھے[1] وحی کی گئی ہے کہ یقیناً جنوں کے ایک گروہ نے (قرآن) سنا سو (جب وہ اپنی قوم کی طرف لوٹ کر گئے تو) انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ ہم نے ایک عجیب قرآن سنا ہے۔

[1] پہلے بھی جِنّوں کے آنے کا ذکر ہے مگر وہاں یہ ذکر ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کچھ جِنّ آئے۔ یہاں یہ ذکر ہے کہ خداتعالیٰ نے وحی سے بتایا کہ کچھ جِنّوں نے آپ کا قرآن سنا ہے پس یہ واقعہ اور ہے اور وہ اور۔ اس واقعہ اور جِنّوں کو سمجھنے کے لئے دیکھئے سورۃ احقاف آیت۳۰ و سبا آیت۱۳۔ سورۃ احقاف میں جن جِنّوں کا ذکر ہے ہم تاریخ اور حدیث سے ثابت کر چکے ہیں کہ وہ کچھ یہودی تھے۔ پس یہاں بھی جِنّوں سے مراد مکہ سے باہر کے کچھ یہودی ہیں۔ جن کو قرآن کا علم ہوا اور وہ سننے آئے مگر قوم سے ڈر کر پوشیدہ ہی سن کر چلے گئے۔

وہ ہدایت کی طرف لے جاتا ہے جس کے نتیجہ میں ہم اس پر ایمان لے آئے ہیں اور ہم آئندہ کبھی اپنے رب کا کسی کو شریک نہیں قرار دیں گے۔

اور حق یہ ہے کہ ہمارا رب بہت بلند شان والا ہے اور نہ اس نے کبھی کوئی بیوی بنائی ہے اور نہ بیٹا بنایا [2]ہے۔

[2] اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ عیسائی اثر میں تھے۔ کیونکہ یہ عقیدہ جو انہوں نے بتایا ہے عیسائیوں کا ہے نہ کہ یہود کا۔ تاریخ سے ثابت ہے کہ عیسائی ترقی کے زمانہ میں بعض یہودی بھی عیسائی اثر کے نیچے آگئے تھے۔

اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم میں سے بیوقوف لوگ اللہ کے متعلق ناواجب باتیں کہا کرتے تھے۔

اور ہم اس خیال پر تھے کہ انسان اور جن اللہ کے متعلق تو جھوٹ نہیں بول سکتے۔

اور پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ انسانوں میں سے کچھ لوگ ایسے تھے جو جنوں میں سے کچھ افراد کی پناہ مانگا کرتے تھے سو اس کا نتیجہ یہ ہوا (کہ انسانوں کے جنوں کی پناہ مانگنے نے) جنوں کو تکبر میں اور بھی بڑھا دیا۔

اور یقیناً وہ بھی یہی گمان کیا کرتے تھے جیسا کہ تم گمان کرتے ہو کہ اللہ (تعالیٰ) آئندہ کبھی کسی کو بنا کر[1]مبعوث نہیں کرے گا۔

[1] ہم نے کہا ہے کہ وہ یہود تھے۔ اس کی سند قرآن مجید سے ملتی ہے۔ وہ فرماتا ہے کہ حَتّٰی اِذَا ھَلَکَ قُلْتُمْ لَنْ یَّبْعَثَ اللّٰہُ مِنْم بَعْدِہٖ رَسُوْلًا (سورۃ مومن آیت۳۵) کہ جب یوسفؑ فوت ہو گیا تو تم نے کہا آئندہ اب کوئی رسول نہیں آئے گا۔ اس جگہ بھی ان جِنّوں کے منہ سے اسی عقیدہ کو دہرایا گیا ہے کہ تم یقین رکھتے تھے کہ آئندہ اللہ تعالیٰ کسی کو نبی نہیں بنائے گا۔ کیونکہ خَاتَمَ النَّبِیِّیْنَ آچکا ہے۔ مسلمان اس آیت پر غور کریں اور اپنے انجام کو سوچیں۔

اور ہم نے آسمان کو چھوا (یعنی آسمانی علوم حاصل کرنے کی کوشش کی) مگر ہم نے اس کو مضبوط پہرہ داروں اور شہاب ثاقب سے بھرا ہوا پایا۔

اور ہم اس میں (آسمانی باتیں) سننے کے لئے (پہلے) بیٹھا کرتے تھے لیکن اب جو کوئی (آسمانی باتیں) سننے کی کوشش کرتا ہے تو وہ ایک (مہلک) شعلہ زن ستارے کو اپنی گھات میں پاتا [2]ہے۔

[2] یعنی جو شخص اسلام میں غلط باتیں ملانا چاہتا ہے جیسا کہ اوپر کا عقیدہ ہے اللہ تعالیٰ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت سے اس کی تباہی کے سامان کر دیتا ہے۔

اور ہم نہیں جانتے کہ اس آنے والے کے ذریعہ سے زمین میں بسنے والے لوگوں کے لئے کسی عذاب کا فیصلہ کیا گیا ہے یا ان کے لئے ان کے رب نے ہدایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اور ہم میں سے کچھ نیک لوگ بھی ہیں اور کچھ اس کے خلاف بھی ہیں ہم مختلف راستوں پر جا رہے تھے۔

آج 10 میں سے 10 باقی