۷۲۔ سورۃ الجن

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور ہم یقین رکھتے تھے کہ ہم دنیا میں اللہ کو ناکام نہیں بنا سکتے اور نہ ہم اسے بھاگ دوڑ کر ناکام بنا سکتے ہیں۔

اور ہم نے تو جب ہدایت کا کلمہ سنا اس پر ایمان لے آئے اور جو شخص اپنے رب پر ایمان لاتا ہے تو نہ کسی نقصان سے ڈرتا ہے اور نہ کسی ظلم سے ڈرتا ہے۔

اور ہم میں سے کچھ فرمانبردار ہیں اور کچھ ظالم بھی ہیں اور جو کوئی فرمانبردار بنتا ہے، وہی ہدایت کا طالب ہوتا ہے۔

اور جو ظلم کرتے ہیں وہی جہنم کا ایندھن بنتے ہیں۔

اور (اے پیغمبر! میں نے فیصلہ کر چھوڑا تھا کہ) اگر یہ (کفار مکہ) ہمارے بتائے ہوئے طریق پر قائم ہو جاتے تو ہم ان کو بافراغت پانی پلاتے۔

تا کہ اس کے ذریعہ سے ان کی آزمائش کریں اور جو شخص بھی اپنے رب کے ذکر سے اعراض کرتا ہے وہ (خدا) اس کو ایسے عذاب کے رستہ پر چلاتا ہے جو بڑھتا ہی جاتا ہے (اور انہوں نے وہی طریقہ اختیار کیا ہے)

اور ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا تھا کہ مساجد ہمیشہ اللہ ہی کی ملکیت قرار دی جائیں پس اے لوگو! تم ان میں اس کے سوا کسی کو مت پکارو۔

اور ہمیں نظر آرہا ہے کہ جب اللہ کا بندہ (محمد صلی اللہ علیہ وسلم) اسے پکارنے کے لئے کھڑا ہوتا ہے تو یہ (مکہ والے) اس کے اوپر جھپٹ کر آگرتے ہیں۔

تو کہہ دے کہ میں تو صرف اپنے رب کو بلاتا ہوں اور کسی کو اس کا شریک مقرر نہیں کرتا۔

اور یہ بھی کہہ دے کہ تم کو کسی قسم کا ضرر پہنچانے یا ہدایت دینے کی مجھ میں طاقت نہیں۔

(بلکہ یہ بھی) کہہ دے (کہ اگر اللہ مجھ پر عذاب نازل کرے تو) مجھے اللہ کے عذاب سے بچانے والا کوئی نہیں اور اس کو چھوڑ کر میں کوئی ٹھکانا نہیں پاتا۔

میرا کام تو صرف یہ ہے کہ اللہ کی بات اور اس کا پیغام پہنچادوں، اور جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی بات نہیں مانتے ان کو دوزخ ملتی ہے، وہ اس میں دیر تک رہتے چلے جائیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی