۷۲۔ سورۃ الجن
تفسیر صغیر, حصہ 3
ہاں! [1]جب وہ موعود عذاب کو دیکھ لیں گے تو جان لیں گے (کہ ان کا اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقابلہ مدنظر رکھتے ہوئے) مددگار کے لحاظ سے کون کمزور ہے، اور تعداد کے لحاظ سے کون تھوڑا [2]ہے۔
[1] (۱) یہاں حَتّٰی ہے، جو نحو کے لحاظ سے کبھی ابتدائیہ بھی ہوتا ہے۔ یعنی اس کے معنے کوئی نہیں ہوتے صرف حُسنِ کلام کے لئے آتا ہے۔(مغنی اللبیب)
[2] یعنی فیصلہ کے وقت کے آتے ہی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والوں کی تعداد بڑھ جائے گی اور کافروں کی گھٹ جائے گی۔ جیسا کہ فی الواقعہ ہوا۔ یہ ایک بہت بڑی پیشگوئی تھی۔ جو اپنے وقت پر پوری ہوئی۔ خصوصاً جب یہ دیکھا جائے کہ یہ سورۃ مکی ہے۔ جب مسلمان کمزور اور تھوڑے تھے۔
تو کہہ دے کہ میں نہیں جانتا کہ تمہاری موعودہ گھڑی قریب ہے یا اللہ اس کے لئے کوئی لمبی مدت مقرر کرے گا۔
غیب کا جاننے والا وہی ہے اور وہ اپنے غیب پر کسی کو غالب نہیں کرتا۔
سوائے ایسے رسول کے جس کو وہ اس کام کے لئے پسند کر[1] لیتا ہے اور اس رسول کی یہ شان ہے کہ اس کے آگے بھی اور اس کے پیچھے بھی محافظ فرشتوں کی گارد چلتی ہے۔
[1] یعنی وہ اس کو کثرت سے علوم غیبیہ بخشتا ہے۔
تا کہ اللہ جان لے کہ ان رسولوں[2] نے اپنے رب کے پیغام کو لوگوں تک پہنچا دیا ہے اور وہ جو کچھ ان کے پاس ہے اس کو احاطہ میں رکھتا ہے اور ہر چیز کو گن رکھتا ہے۔
[2] یہاں جمع کا صیغہ ہے مگر مراد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ جو سب نبیوں کے جامع ہیں۔ چنانچہ پہلی آیت میں رسول کا لفظ مفرد ہی ہے۔