۷۳۔ سورۃ المزمل
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے چادر میں لپٹے ہوئے (خدا کی رحمت کا انتظار کرنے والے)
راتوں کو اٹھ اٹھ کے عبادت کر (جس سے ہماری مراد یہ ہے کہ رات کا اکثر حصہ عبادت میں گذارا کر یعنی اس کا نصف یا نصف سے) کچھ کم کردے۔
(راتوں کو اٹھ اٹھ کے عبادت کر جس سے ہماری مراد یہ ہے کہ رات کا اکثر حصہ عبادت میں گذارا کر) یعنی اس کا نصف[1] یا نصف سے کچھ کم کردے۔
[1] بعض راتیں بہت چھوٹی ہوتی ہیں ان میں رات کا صرف تھوڑا سا حصہ صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے جاگا جاتا ہے لیکن فرماتا ہے کہ جب دن کے برابر راتیں ہوں تو نصف رات جاگا کرو اور نصف سویا کرو۔ اور جب لمبی راتیں ہوں تو زیادہ حصہ رات کا جاگا کرو اور تھوڑا حصہ سویا کرو۔ اور جب جاگو تو اس میں قرآن کی تلاوت کیا کرو۔
یا اس پر کچھ اور بڑھا دے۔ اور قرآن کو خوش الحانی سے پڑھا کر۔
ہم تجھ پر ایک ایسا کلام اتارنے والے ہیں (جو ذمہ واری کے لحاظ سے) بڑا بوجھل ہے۔
رات کا اٹھنا نفس کو پیروں کے نیچے مسلنے میں سب سے کامیاب نسخہ ہے اور رات کے جاگنے والوں کو سچ کی بھی عادت پڑ جاتی ہے[2]۔
[2] یعنی عبادت کی وجہ سے اس کی روحانیت کامل ہو جاتی ہے اور وہ جھوٹ سے پرہیز کرنے لگ جاتا ہے۔
تجھے دن کے وقت بہت سا کام ہوتا ہے[3]۔
[3] یعنی رات کی عبادت کا ہم نے اس لئے حکم دیا ہے کہ دن میں لوگ ملتے رہتے ہیں اور اپنی دنیوی حاجات پیش کرتے رہتے ہیں یا دینی مسائل پوچھتے رہتے ہیں۔ یہاں سَبْحًا کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جس کے معنے تیرنے کے ہوتے ہیں۔ پس دور تک تیرنے کے الفاظ بتاتے ہیں کہ اس جگہ علم دین پھیلانے کا ذکر ہے کیونکہ علم دین خاص طور پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل ہوا تھا۔ اور اس کی اشاعت کے لئے آپ رات دن لگے رہتے تھے اور قرآن کریم آپ کے دل میں داخل ہو گیا تھا کہ ہر مسئلہ کو آپ آسانی کے ساتھ بیان کر سکتے تھے۔
اور چاہیے کہ تو اپنے رب کی صفات کو یاد کیا کر اور اسی سے دل لگایا کر۔
وہ مشرق کا بھی رب ہے اور مغرب کا بھی رب ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ پس اسی کو اپنا کارساز بنا۔
اور جو کچھ وہ (تیرے مخالف) کہتے ہیں اس پر صبر کر اور شریفانہ طور پر ان سے الگ ہو جا۔
اور نعمت والے (مالدار) منکروں کو اور مجھ کو اکیلا چھوڑ دے اور تو ان کو کچھ ڈھیل دے (اور ان کی جلد تباہی کی دعا نہ کیا کر میں خود ہی ان کو تباہ کر دوں گا)