۷۴۔ سورۃ المدثر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اے بارانی کوٹ پہن کر کھڑے ہونے والے[1]۔

[1] مُدَّثِّر کے معنے عام طور پر کمبل اوڑھنے والے کے کئے جاتے ہیں۔ لیکن اس کے علاوہ لغت میں مُدَّثِّر کے مندرجہ ذیل معنے لکھے ہیں (۱) گھوڑے کے پاس کھڑا ہونے والا کہ حکم ملتے ہی فوراً چھلانگ مار کر اس پر سوار ہو جائے (اقرب) (۲) کپڑے پہن کر تیار ہو جانے والا۔ لیکن دِثَار اس کپڑے کو کہتے ہیں جو کرتے وغیرہ کے اوپر پہنا جائے (اقرب) جب انسان نے باہر جانا ہوتا ہے تو وہ خالی کرتا نہیں پہنتا بلکہ کوٹ پہنتا ہے۔ یا فوج والے لڑنے کے لئے جاتے ہیں تو وردی پہن لیتے ہیں۔ پس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کے مطابق یہی معنے ہیں کہ (۱) اے وردی پہن کر کھڑے ہونے والے (۲) اے گھوڑے کے پاس کھڑے ہونے والے کہ حکم ملتے ہی اس پر سوار ہو جائے۔ ہم نے ترجمہ میں کوٹ پہن کر کھڑے ہونے والے کے معنے کیے ہیں۔ یعنی اوور کوٹ یا بارانی کوٹ جو کپڑوں کے اوپر پہنے جاتے ہیں۔

کھڑا ہو جا اور دور دور جاکے لوگوں کو ہوشیار کر۔

اور اپنے رب کی بڑائی بیان کر۔

اور اپنے پاس رہنے والوں کو پاک کر۔

اور شرک کو مٹا ڈال[2]۔

[2] رُجْز کے معنے شرک کے ہوتے ہیں۔ اور ھَجْر کے معنے کاٹ ڈالنے اور مٹا دینے کے (اقرب) پس ہم نے وَالرُّجْزَ فَاھْجُرْ کے معنے لغت کے مطابق ’’شرک کو مٹا ڈال‘‘ کے کیے ہیں۔

اور اس نیت سے احسان نہ کر کہ اس کے بدلہ میں تجھے زیادہ ملے گا۔

اور (بزدلی سے نہیں بلکہ) اپنے رب کے خوش کرنے کے لئے صبر سے کام لے۔

اور جب بگل[1] میں پھونکا جائے گا۔

[1] بِگل چونکہ فوج کو جمع کرنے کے لئے بجایا جاتا ہے اس لئے یہاں تمثیلی طور پر بِگل کا ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایک دن کفار کو اکٹھا کرکے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے حاضر کیا جائے گا اور گو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو معاف کر دیں گے۔ مگر یہ دن کفار کے لئے بڑا سخت ہوگا۔ کیونکہ وہ ساری عمر دعوے کرتے رہے تھے کہ ہم جیتیں گے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک ناتجربہ کار بچہ کہتے تھے۔ جس وقت اس ناتجربہ کار بچہ نے مکہ فتح کیا اور کفار اس کے سامنے آئے اور اس کی معافی کا اعلان سننے پر مجبور ہوئے تو ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ یہ وقت ان کے لئے کیسا سخت ہوگا؟

تو یہ دن ایک سخت دن ہوگا۔

کافروں کے لئے ہرگز آسان نہیں ہوگا۔

(اے رسول)! مجھے اور اس کو جسے میں نے بے یارو مددگار پیدا کیا تھا اکیلا چھوڑ دے۔

آج 10 میں سے 10 باقی