۷۶۔ سورۃ الانسان

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

کیا انسان پر وہ گھڑی نہیں آئی جب وہ بالکل بے حقیقت تھا، اور اس کے کاموں کو کوئی یاد نہیں کرتا تھا۔

ہم نے انسان کو ایک ایسے نطفہ سے پیدا کیا ہے جس میں مختلف قوتیں ملی ہوئی تھیں تا کہ ہم اس کی آزمائش کریں پھر ہم نے اس کو بہت سننے والا (اور) دیکھنے والا بنا دیا۔

ہم نے اسے اس کے مطابق حال رستہ بتا دیا یعنی خواہ وہ شکر کرے یا نافرمان ہو جائے۔

ہم نے کافروں کے لئے زنجیریں اور طوق اور جہنم تیار کر چھوڑے ہیں۔

خدا کے نیک بندے ایسے پیالے پیئں گے، جن میں کافور کی خاصیت ملائی گئی ہوگی۔

یہ (کافور[1]) ایک چشمہ ہوگا جس میں سے اللہ کے بندے پیئں گے وہ کوشش کرکے[2] اس (چشمہ) کو زمین پھاڑ کر نکالتے ہیں۔

[1] یعنی وہ چشمہ جس میں کافوری خاصیّت ہوگی اس کا نام بھی کافور ہوگا۔ یعنی وہ بُرے جذبات کو ٹھنڈا کر دے گا۔

[2] یعنی ان کے اعمال کی وجہ سے وہ چشمہ پھوڑا جائے گا۔

وہ اپنی نذریں ادا کرتے ہیں اور اس دن سے ڈرتے ہیں جس دن کی برائی تمام دنیا میں پھیلی ہوئی ہوگی۔

اور اس (خدا) کی محبت پر مسکین اور یتیم اور اسیر کو کھانا کھلاتے ہیں۔

اور کہتے جاتے ہیں کہ اے لوگو! ہم تم کو صرف اللہ کی رضا کے لئے کھانا کھلاتے ہیں نہ ہم تم سے کوئی جزا طلب کرتے ہیں نہ تمہارا شکر چاہتے ہیں۔

ہم اپنے رب سے اس دن کا خوف رکھتے ہیں جب لوگوں کا ڈر کے مارے منہ بگڑا ہوا ہوگا اور تیوریاں چڑھی ہوئی ہوں گی۔

سو اللہ ان کو اس دن کے ضرر سے بچائے گا اور ان کو تروتازگی اور خوشی بخشے گا۔

آج 10 میں سے 10 باقی