۷۷۔ سورۃ المرسلات
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں شہادت کے طور پر ان ہستیوں[1] کو پیش کرتا ہوں جو پہلے آہستگی سے چلائی جاتی ہیں۔
[1] اس آیت میں ان گھوڑوں یا صحابہؓ کو جو اُن پر چڑھتے تھے شہادت کے طور پر پیش کیا ہے کہ پہلے خداتعالیٰ ان کو نیکی کی اشاعت کے لئے آہستگی سے دنیا میں پھیلائے گا اور یہی معنے مُرْسَلَات کے ہیں۔
پھر [2]وہ تیزی سے چلنے لگ جاتی ہیں۔
[2] اس کے بعد بتایا کہ پھر وہ تیزی سے چلنے لگ جاتی ہیں۔ یعنی پہلے صحابہؓ آہستگی سے دنیا میں پھیلیں گے۔ مگر پھر طاقت پکڑتے جائیں گے اور ان کی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔
اور میں دنیا میں پھیلا دینے[3] والی ہستیوں کو بھی شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔
[3] اس آیت میں پھر صحابہ ؓ کا ذکر ہے۔ جو آخر اسلام کو دنیا میں پھیلا دیں گے۔
اور حق و باطل[4] میں فرق کر دینے والی ہستیوں کو۔
[4] اس آیت میں بھی صحابہؓ کا ذکر ہے کہ وہ آخر حق و باطل میں فرق کرکے دکھلا دیں گے۔
اور خدا کا کلام سنانے والی ہستیوں کو۔
اس غرض سے بھی کہ لوگوں پر حجت تمام ہو جائے۔ اور اس غرض سے بھی کہ لوگوں کو ہوشیار کر دیا جائے۔
تم سے جس بات کا وعدہ کیا جاتا ہے وہ پوری ہو کر رہے گی۔
اور جب ستارے[5] ماند پڑ جائیں گے۔
[5] یعنی علماء خراب ہو جائیں گے۔
اور آسمان[1] میں شگاف ہو جائیں گے۔
[1] یعنی الہام کا سلسلہ پھر شروع ہو جائے گا۔
اور جب پہاڑ[2] اڑائے جائیں گے۔
[2] یعنی دنیا کے بادشاہ بھی تباہ کر دیئے جائیں گے۔
اور جب سب[3] رسول اپنے وقت مقررہ پر لائے جائیں گے۔
[3] یعنی ایک ایسا مامور کھڑا ہوگا جسے سب نبیوں کے نام دیئے جائیں گے۔ یعنی اس کے متعلق موسیٰؑ، عیسیٰؑ، کرشنؑ، رام چندرؑ اور بدھؑ سب کی پیشگوئیاں ہوں گی۔ اسی طرح بعد کے ولیوں کی۔ جیسے امام احمد سرہندیؒ اور نعمت اللہ ولیؒ وغیرہ کی پیشگوئیاں بھی ہوں گی۔