۷۷۔ سورۃ المرسلات
تفسیر صغیر, حصہ 2
(اور لوگوں سے کہا جائے گا کہ) یہ بات کس دن کے لئے اٹھا رکھی گئی تھی؟
(ایک) فیصلہ کرنے والے دن کے لئے۔
اور تجھے کیا معلوم ہے کہ فیصلہ کرنے والا دن کیا ہے؟
اس دن جھٹلانے والوں پر تباہی آئے گی (اس میں کوئی بھی شبہ نہیں)
کیا ہم نے پہلی قوموں کو ہلاک نہیں کیا۔
پھر کیا ہم ان کے بعد آنے والی قوموں کو ان کے پیچھے[4] نہیں چلائیں گے؟ (آخر یہ مختلف سلوک کیوں ہوگا)
[4] یعنی ہلاک نہیں کریں گی۔
ہم مجرموں کے ساتھ ایسا ہی معاملہ کیا کرتے ہیں[5]۔
[5] یعنی پچھلی تاریخ بتاتی ہے کہ مجرموں کے ساتھ ایسا ہی سلوک ہوتا چلا آیا ہے پھر کیا وجہ ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کے مجرموں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہوگا۔
اس دن جھٹلانے والوں پر تباہی آئے گی (اس میں کوئی بھی شبہ نہیں)
اور ہم ان سے کہیں گے کہ کیا ہم نے تم کو ایک ذلیل پانی (یعنی نطفہ) سے پیدا نہیں کیا۔
اور پھر اس کو ایک ایسی جگہ (یعنی ماں کے رحم میں) رکھ دیا جو اس کو صحیح طور پر محفوظ رکھنے کے قابل تھی۔
اور جتنی مدت اس نطفہ کا رحم میں رکھنا مناسب تھا اتنی مدت ہم نے اس کو رحم میں رکھا۔
اور ہم نے ایک اندازہ [1]مقرر کیا، اور ہم کیا ہی اچھا اندازہ مقرر کرنے والے ہیں۔
[1] اس سے مراد یہ ہے کہ ہر بچہ کے لئے کوئی الگ قانون مقرر نہیں ہوتا بلکہ ہم نے اس کے لئے سنت اللہ میں ایک اندازہ مقرر کر دیا ہے۔ اور جب سے دنیا پیدا ہوئی ہے اسی اندازہ کے مطابق کام ہوتا چلا جا رہا ہے۔ یعنی مختلف جانور پیدائشِ کاملہ کے لئے مختلف مہینوں تک ماؤں کے پیٹوں میں رہتے ہیں۔