۷۸۔ سورۃ النبإ

تفسیر صغیر, حصہ 4

انہیں تیرے رب کی طرف سے ایسا بدلہ دیا جائے گا، جو مناسب حال انعام ہوگا۔

(تیرے اس رب کی طرف سے جو) آسمانوں اور زمین اور ان دونوں کے درمیان جو کچھ ہے ان سب کا رب ہے (اور) بے حد کرم کرنے والا ہے۔ وہ اس کے حضور میں (بلا اجازت) بات کرنے کی طاقت نہیں رکھیں گے۔

(یہ اس دن ہوگا) جس دن کہ روح کامل اور فرشتے صف باندھ کر کھڑے ہوں گے (اور) وہ بات نہ کر سکیں گے سوائے اس کے جسے رحمن (خدا) نے اجازت دی ہوگی اور (ایسا شخص صرف مناسب موقعہ اور) ٹھیک ٹھیک بات کہے گا۔

یہ دن ہو کر رہنے والا ہے پس (تم میں سے) جو (شخص) چاہے اپنے رب کے پاس (اپنا) ٹھکانا بنالے۔

ہم نے تم کو ایک قریب (زمانہ میں آنے والے) عذاب سے خوب ہوشیار کر دیا ہے۔ جس دن انسان اس چیز کو دیکھ لے گا جو اس کے ہاتھوں نے آگے بھیجی [1]ہے اور کافر (اس دن) کہے گا، اے کاش! میں مٹی [2]ہوتا۔

[1] یعنی جو عمل وہ کر چکا ہے۔

[2] بعض مسلمان فرقے صحابہؓ کے بُغض میں اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ وہ کہتے ہیں کہ حضرت ابوبکرؓ موت کے وقت یہی فقرہ کہتے تھے۔ پس ان کا کفر ثابت ہے۔ حالانکہ اگر یہ روایت ثابت ہو اور یہ آیت حضرت ابوبکرؓ کے متعلق ہو، تو ابوبکرؓ کے ایمان کے لحاظ سے اس کے یہ معنے ہوں گے کہ کفار کی باتوں کا منکر یعنی ابوبکرؓ یہ کہے گا کہ کاش! میرے ساتھ خداتعالیٰ کا معاملہ ایسا ہی ہوتا کہ نہ وہ میرے نیک اعمال کا بدلہ دیتا اور نہ میری غلطیوں کی سزا دیتا۔ اور یہ فقرہ ایک مومن کامل کا فقرہ ہے۔ حدیثوں میں تو خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بھی آتا ہے کہ آپ یہ فرمایا کرتے تھے کہ میں اپنے اعمال کی وجہ سے بخشا نہیں جاؤں گا۔ بلکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بخشا جاؤں گا۔ کافر کا لفظ اس جگہ طنزًا استعمال ہوا ہے اور مراد یہ ہے کہ یہ لوگ اسے کافر کہتے ہیں جو جنگ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سب سے زیادہ قریب ہوتا تھا اور جس نے اپنا سارا مال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان کر دیا تھا۔ اور گیارہ سال کی بیٹی آپ سے بیاہ دی تھی۔ جبکہ آپ کی عمر چون پچپن سال کی تھی، اور ہجرت میں آپ کے ساتھ تھا، جبکہ سارے مکّہ کے مقابلہ میں آپ صرف ابوبکرؓ کو ساتھ لے کر کھڑے ہو گئے تھے۔ قرآن کریم طنزًا کہتا ہے کہ یہ قربانیاں دینے والا شخص تو کافر ہے مگر وہ لوگ جنہوں نے اس کے اعمال کے مقابلہ میں کوئی نسبت بھی عمل کی نہیں دکھائی۔ وہ مومن بنتے ہیں۔ بعض لوگ کہہ دیتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت کے دن حضرت علیؓ کو اپنے بستر پر کیوں لٹایا تھا؟ یہ بتاتا ہے کہ حضرت علیؓ سب سے زیادہ مخلص تھے۔ لیکن اگر ایسے خطرہ کے موقعہ پر کسی شخص کو اپنے بستر پر لٹانا اس کی کسی بڑائی پر دلالت کرتا ہے تو غار ثور میں اکیلے ایک شخص کے ساتھ نہتے چُھپ جانا جبکہ اکیلا آدمی اس کو مار بھی سکتا تھا یہ اس شخص کی بڑائی پر بہت زیادہ دلالت کرتا ہے۔ پھر اس شخص کو لے کر دو سو میل کا مدینہ کا سفر کرنا جبکہ اور کوئی ساتھ نہ تھا اور ارد گرد کے علاقہ میں سب آپ کے جانی دشمن تھے اور مکّہ والوں نے آپ کا سر کاٹ کر لانے والے کے لئے انعام بھی مقرر کر دیا تھا دلالت کرتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک ابوبکرؓ کا اخلاص بہت بڑھا ہوا تھا۔ اور تاریخ سے ثابت ہے کہ بدر کی جنگ میں تمام صحابہؓ کا متفقہ فیصلہ تھا کہ عرشہ پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ابوبکرؓ رہیں۔ اور صحابہؓ کہتے ہیں کہ ہم جانتے تھے کہ ہمیشہ جنگ میں یہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب رہتے تھے۔ اور اس وجہ سے ہم آپ کو سب سے بڑا بہادر سمجھتے تھے۔ پھر تاریخ میں لکھا ہے کہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بدر کی جنگ میں نہایت گڑ گڑا کر دعا کرنے لگے تو حضرت ابوبکرؓ نے جو کچھ کہا وہ بھی آپ کے ایمان کی علامت ہے۔ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے خدا! اگر یہ مسلمان آج مارے گئے تو تیری عبادت روئے زمین پر کوئی نہیں کرے گا۔ تو حضرت ابوبکرؓ نے فرمایا۔ یا رسول اللہ! آپ گھبراتے کیوں ہیں، جب خدا کی مدد کے وعدے آپ کو آ چکے ہیں تو یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ یہ مسلمان مارے جائیں۔ اسی طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مرض الموت میں مبتلا ہوئے تو آپ نے کہا کہ میری جگہ پر ابوبکرؓ نماز پڑھائے۔ اور جب آپ کے دل میں خیال آیا کہ میرے بعد کون خلیفہ ہوگا تو آپ نے حضرت عائشہؓ سے کہا کہ میرا دل چاہتا تھا کہ میں ابوبکرؓ کو خلیفہ مقرر کر دوں۔ لیکن َمیں نے سوچا کہ خدا اور مومن ابوبکرؓ کے سوا کسی اور کو خلیفہ بنانے سے انکار کر دیں گے۔ اس لئے مَیں نے اس ارادہ کو چھپا لیا۔

آج 10 میں سے 10 باقی