۷۹۔ سورۃ النازعات
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
مَیں ان ہستیوں کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں جو پوری توجہ سے علوم دینیہ کو کھینچتی[1] ہیں۔
[1] ان آیات میں مؤنث کا صیغہ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ یہاں صحابہؓ کی جماعتوں کا ذکر ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ اخلاق فاضلہ کو دنیا میں قائم کرنے کے لئے زور لگاتے تھے۔ مفسرین کہتے ہیں کہ ان آیات میں فرشتوں کا ذکر ہے مگر میں نے فرشتوں کی جگہ صحابہؓ مراد لئے ہیں۔ کیونکہ واؤ قسم کے لئے آتی ہے اور قسم گواہی کے لئے ہوتی ہے اور فرشتوں کی گواہی کو نہ مومن سمجھ سکتے ہیں کہ کفار۔ ہاں صحابہؓ کی گواہی کو مومن اور کافر دونوں سمجھ سکتے ہیں۔ پس اس جگہ صحابہؓ ہی کا ذکر ہے اور ترجمہ میں مَیں نے انہی کا ذکر کیا ہے۔
اور ان (ہستیوں) کو جو خوب اچھی طرح گرہ باندھتی[2] ہیں۔
[2] یعنی اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرتے ہیں۔
اور ان (ہستیوں) کو جو دور دور نکل [3]جاتی ہیں۔
[3] یعنی صحابہؓ کی جماعتیں جو تبلیغ اسلام کے لئے ملک در ملک پھرتی تھیں۔
پھر (مقابلہ کرکے اپنے مدمقابل سے) خوب آگے نکل[4] جاتی ہیں۔
[4] یعنی صحابہؓ میں نیکی میں ایک دوسرے سے بڑھنے کا مادہ پایا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہ نیکی میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش میں کوئی دقت محسوس نہیں کرتے تھے اور ان کی تمام کوششیں ایسی ہی تھیں جیسے تیرنے والے کو تیرنے میں پانی کی وجہ سے سہولت ملتی ہے۔
پھر (دنیا کا) کام (چلانے) کی تدبیروں[5] میں لگ جاتی ہیں۔
[5] یعنی دنیا کی اصلاح اور ترقی ان کا مقصدِ زندگی ہوتا ہے۔
(ان صفات والی قوم کے ظہور کا وہ دن ہوگا) جس دن جنگ (کی تیاری) کرنے والی (قوم) جنگ کی تیاری کرے[1] گی۔
[1] یعنی اوپر کی آیات وہ زمانہ بتاتی ہیں جب مسلمان کفار کی جنگوں کا جواب جنگ سے دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اس (جنگ کی تیاری) کے بعد (اسی قسم کی) پیچھے آنے[2] والی (ایک اور) گھڑی آئے گی۔
[2] یعنی مسلمان جب جنگ پر مجبور ہوں گے تو تلوار کو ہاتھ سے نہ رکھیں گے بلکہ حملہ پر حملہ کرتے چلے جائیں گے۔ یہاں تک کہ فاتح ہو جائیں گے۔
اس دن کچھ (لوگوں کے) دل دھڑک[3] رہے ہونگے۔
[3] یعنی کفار اس وقت بزدلی دکھانے لگ جائیں گے۔
اور ان کی نظریں خوف سے جھکی ہوئی ہوں گی۔
(اور) وہ کہیں گے کیا ہمیں اپنے رستے پر الٹے پاؤں[4] لوٹایا جائے گا۔
[4] یعنی کیا جس طرح مسلمان یہاں غالب آگئے ہیں۔ اسی طرح اُن کے دعویٰ کے مطابق ہم اگلے جہان میں بھی ایک نئی زندگی پائیں گے اور عذابِ الٰہی پھر دیکھیں گے۔
کیا (اس حالت میں بھی کہ) جب ہم بوسیدہ ہڈیاں ہو جائیں گے (ایسا [5]ہوگا)؟
[5] یعنی غلبۂ اسلام والی بات جب پوری ہوگی تو کفار کہیں گے کہ اب کیا دوسری بات کہ ہم کو مرنے کے بعد زندہ کرکے اٹھایا جائے گا وہ بھی پوری ہوگی۔