۷۹۔ سورۃ النازعات
تفسیر صغیر, حصہ 2
وہ کہتے ہیں (اگر ایسا ہوا) تب تو یہ بڑی گھاٹے والی واپسی ہوگی۔
(اور یہ بھی یاد رکھو کہ) یہ جنگ کی خبر تو صرف ایک ڈانٹ[6] تھی۔
[6] یعنی کفار کی سزا صرف بدرؔ کی شکست نہیں بلکہ ایسی بہت سی شکستیں انہیں ملیں گی۔
چنانچہ (اس ڈانٹ کے بعد) وہ یکدم پھر (جنگ کے) میدان میں آموجود[1] ہونگے۔
[1] یعنی جب جنگوں کا اصلی وقت آئے گا۔ کفار بھی باربار حملوں کی طرف متوجہ ہو جائیں گے مگر آخر شکست کھائیں گے۔
کیا تجھے موسیٰ کی بات (بھی) پہنچی ہے؟
جبکہ اسے اس کے رب نے وادی مقدس[2]یعنی طُویٰ میں پکارا تھا۔
[2] طُوٰی کے معنے عربی زبان میں چکر کھانے کے ہوتے ہیں۔ پس اس کے معنے یہ ہیں کہ وہ ایسی وادی تھی جہاں سے خداتعالیٰ کی طرف انسان پھرتا ہے۔ یعنی روحانی طور پر اس کی ترقی کے سامان کیے جاتے تھے۔
(اور فرمایا تھا کہ) فرعون کی طرف جا کیونکہ وہ باغی ہو رہا ہے۔
اور (اسے) کہہ کہ کیا تجھے (اس بات کی بھی کچھ) خواہش ہے کہ تو پاک ہو جائے۔
اور (اس کے نتیجہ میں) میں تجھے تیرے رب کی طرف راستہ دکھاؤں اور تو (خدا سے) ڈرنے لگے[3]۔
[3] یعنی موسیٰ علیہ السلام نے تمام گذشتہ اور آئندہ نبیوں کے طریق کے مطابق یہی کیا کہ فرعون سے کہا کہ بہتر ہے مجھے مان کر نصیحت حاصل کرو۔ اور میری آمد کو اپنے لئے عذاب کا موجب مَت بناؤ۔
چنانچہ (موسیٰ گئے اور انہوں نے) اسے ایک بڑا نشان دکھلایا۔
جس پر اس نے (موسیٰ کو) جھٹلایا اور نافرمانی کی۔
مزید برآں اس نے فساد کی تدبیریں کرتے ہوئے حق سے پیٹھ پھیر لی۔
چنانچہ (اس نے اپنے درباریوں کو) جمع کیا اور (ملک میں عام) منادی (بھی) کرائی۔