۸۰۔ سورۃ عبس
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(کیا) چیں بجیں ہو گیا اور منہ موڑ لیا؟[1]
[1] تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد ہشتم صفحہ ۱۴۹ تا ۱۵۷۔
(صرف) اس بات پر کہ اس کے پاس (ایک) نابینا (جیسے واقف لوگ جانتے ہیں) آیا۔
اور (اے رسول)! کونسی بات تجھے (اس پر) آگاہ کر سکتی تھی کہ وہ ضرور پاک ہو جائے گا۔
یا (موجبات عبرت کو) یاد کرے گا تو (یہ) یاد کرنا اسے نفع بخشے گا۔
کیا یہ ہو سکتا ہے کہ جو شخص (حق سے) بے پرواہی کرے۔
(اس کی طرف) تو تو خوب توجہ کرے (حالانکہ یہ سارے قرآن کے خلاف ہے)
اور تو ایسا کر بھی کس طرح سکتا ہے جبکہ اس کے ہدایت نہ پانے کی تجھ پر کوئی ذمہ واری نہیں۔
اور جو کوئی تیری طرف دوڑتا ہوا آئے۔
اور وہ (ساتھ ہی خدا سے بھی) ڈرتا ہو۔
(تو بقول معترض) تو اس سے بے اعتنائی کرتا ہے۔
(ایسا) ہرگز نہیں (یہ سب الزامات غلط ہیں) یقیناً یہ (قرآن) تو ایک نصیحت ہے (اس کے ساتھ تلوار نہیں اتاری گئی کہ تو لوگوں کو مسلمان بنانے پر مجبور ہو)۔