۸۰۔ سورۃ عبس
تفسیر صغیر, حصہ 2
پس جو چاہے اسے اپنے ذہن میں مستحضر کرلے۔
(یہ قرآن ایسے) صحیفوں میں ہے
(جو) عزت والے، بلند شان اور پاک ہیں۔
وہ (صحیفے لکھنے والوں اور دُور دُور[1]) سفر کرنے والوں کے ہاتھوں میں (ہیں)۔
[1] یعنی صحابہؓ قرآن مجید کو لے کر دور دور پھیل جائیں گے۔
(ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں) جو معزز ہیں اور اعلیٰ درجہ کے نیکو کار[2] ہیں۔
[2] یعنی قرآن مجید کی برکت سے صحابہؓ بڑی بڑی عزتیں پائیں گے اور نیکیوں میں ترقی کریں گے۔
انسان ہلاک [3]ہو، وہ کیسا ناشکر گذار ہے۔
[3] یعنی کافر انسان ہلاکت کا مستحق ہے۔ کیونکہ اس نے بڑی ناشکر گذاری سے کام لیا ہے۔
(وہ غور تو کرے کہ) خدا نے اسے کس چیز سے پیدا کیا ہے۔
(اسے معلوم ہوگا کہ یقیناً) ایک نطفہ سے (پیدا کیا ہے پہلے تو) اسے پیدا کیا پھر اس کے لئے (ترقی کا ایک) اندازہ مقرر کیا۔
پھر (اس کے) راستہ کو آسان[4] بنایا (اور اسے) خوب ہی آسان بنایا۔
[4] یعنی اس کی ترقی کے راستہ کو جو قرآن مجید ہے عمل کے لئے آسان بنایا ہے۔
پھر (عمر طبعی [5]کے بعد) اسے مار دیا۔ پھر اسے (موعود) قبر[6] میں رکھا۔
[5] چونکہ یہاں ثُمَّ ہے، جو بعض دفعہ ترتیب مع التراخی پر دلالت کرتا ہے۔ اس لئے ہم نے بریکٹ میں ’’عمر طبعی‘‘ کے الفاظ بڑھا دئے ہیں تاکہ عربی کا صحیح ترجمہ ہو جائے۔
[6] اس سے مراد یہ ہے کہ دنیا میں تو انسان کو اس کے رشتہ دار قبر میں رکھتے ہیں۔ لیکن اصل قبر انسان کی وہ ہے جہاں اللہ تعالیٰ انسان کی روح کو رکھتا ہے۔ اس لئے ہم نے ’’موعود‘‘ کا لفظ اس جگہ بڑھا دیا ہے۔
پھر جب چاہے گا اسے دوبارہ اٹھا کر کھڑا[1] کر دے گا۔
[1] یہ آیت بھی بتاتی ہے کہ یہاں قبر سے مراد اس دنیا کی قبر نہیں بلکہ اُخروی قبر ہے اور معنے یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ انسان کو اگلے جہان میں ایک دوسری زندگی بخشے گا۔
(ایسا) ہرگز نہیں[2] (جو تم سمجھتے ہو، دیکھتے نہیں کہ) اسے (یعنی انسان کو) جو حکم ملا تھا، ابھی تک اس نے اسے پورا نہیں[3] کیا۔
[2] یعنی تم یہ سمجھتے ہو کہ مرنے کے بعد کوئی زندگی انسان کو نہیں ملے گی۔
[3] مطلب یہ ہے کہ جب انسان نے خداتعالیٰ کی بھیجی ہوئی شریعت پر عمل نہیں کیا تو یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ اس کا محاسبہ نہ کیا جائے۔ اور محاسبہ کی صورت میں ضروری ہے کہ اس کو مرنے کے بعد زندہ کیا جائے۔