۸۱۔ سورۃ التكوير

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

جب (نور) آفتاب کو لپیٹ دیا جائے گا[1]۔

[1] یہ اس عارضی ضعف کی طرف اشارہ ہے جو مسلمانوں پر آنے والا تھا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قرآن مجید میں سورج کہا گیا ہے اور اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ ایک زمانہ میں سورج پر پردہ ڈال دیا جائے گا۔ یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت لوگوں کے دلوں میں اتنی نہیں رہے گی جس کے آپ مستحق ہیں۔

اور جب ستارے دھندلے ہو جائیں گے۔

اور جب پہاڑ چلائے جائیں گے۔

اور جب دس مہینے کی گابھن اونٹنیاں[2] آوارہ چھوڑ دی جائیں گی۔

[2] یعنی ریل اور موٹر ایجاد ہو جائیں گی تو حجاز میں اونٹوں پر سفر کرنے کی ضرورت بہت کم ہو جائے گی۔ دس مہینے کی گابھن اونٹنی اس لئے کہا کہ جب اونٹنی دس مہینے کی گابھن ہو تو اس کے بچہ کے انتظار میں اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور تبھی اسے چھوڑا جا سکتا ہے جب اونٹ کی ضرورت باقی نہ رہے۔ چنانچہ ریل، ہوائی جہاز اور موٹر کی ایجادنے اس پیشگوئی کو پورا کر دیا ہے۔

اور جب وحشی اکٹھے کیے [3]جائیں گے۔

[3] یعنی چڑیا گھر بنائے جائیں گے یا یہ کہ وحشی انسان متمدن ہو جائیں گے یا یہ کہ وحشی قوموں کو ان کے ملکوں سے نکال دیا جائے گا۔ جیسے امریکہ اور آسٹریلیا میں ہوا۔ حُشِرَتْ کے معنے جلا وطن کرنے کے بھی ہوتے ہیں (اقرب)

اور جب دریاوں (کے پانیوں) کو (نکال کر دوسرے دریاؤں یا نہروں میں[4]) ملا دیا جائے[5] گا۔

[4] یہ موجودہ زمانہ کی خبر ہے اور آخری زمانہ میں انجینئرنگ کی ترقی پر دلالت کرتی ہے۔ چنانچہ اس وقت پاکستان میں بھی کئی دریا ملائے جا رہے ہیں اور ہندوستان میں بھی اور روس اور امریکہ میں بھی اور جرمن میں تو رُبع صدی سے ملائے جا چکے ہیں۔

[5] سَجَّرَ کے معنے خشک کر دینے کے بھی ہوتے ہیں اور اسی لئے مفسرین نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ دریا خشک کر دیئے جائیں گے لیکن سَجَّرَ کے یہ بھی معنے ہوتے ہیں کہ اس کا پانی نکال کر اپنی مرضی کے مطابق کہیں لے جائیں جو نہروں کا اصول ہے (اقرب) پس دونوں لحاظ سے یہی معنے بنتے ہیں کہ نہریں نکال نکال کر دریاؤں کو خشک کیا جائے گا نہ کہ ان کا پانی آسمان کی طرف اڑا کر خشک کیا جائے گا۔

اور جب (مختلف) نفوس [1]جمع کیے جائیں گے۔

[1] یعنی سفر آسان ہو جائیں گے اور مختلف ملکوں کے لوگ ریلوں اور جہازوں کے ذریعہ سے آپس میں ملنے کے قابل ہو جائیں گے۔

اور جب زندہ گاڑی جانے والی (لڑکی) کے بارہ میں سوال[2] کیا جائے گا۔

[2] یعنی لڑکیوں کا زندہ گاڑا جانا قانونی جرم بن جائے گا۔

(کہ آخر) کس گناہ کے بدلہ میں اس کو قتل کیا گیا تھا۔

اور جب کتابیں[3] پھیلا دی جائیں گی۔

[3] یعنی پریس کثرت سے ہوں گے۔

اور جب آسمان کی کھال[4] اتاری جائے گی۔

[4] یعنی علم ہیئت میں بہت ترقی ہوگی۔

آج 10 میں سے 10 باقی