۸۲۔ سورۃ الإنفطار

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

جب[2] آسمان پھٹ جائے گا[3]۔

[2] اس سورۃ میں بیان کردہ سب علامات بھی آخری زمانہ کے متعلق ہیں۔ مگر تفصیل لمبی تفسیر سے تعلق رکھتی ہے۔ بہرحال مختصر نوٹ یہاں ترجمہ کے ساتھ دئے جاتے ہیں (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد ہشتم صفحہ ۲۴۷)

[3] یعنی دنیا میں شرک اور کفر اتنا پھیل جائے گا کہ خداتعالیٰ زمین پر عذاب نازل کرنے کا فیصلہ کر دے گا۔

اور جب ستارے جھڑ جائیں گے[4]۔

[4] یعنی علماء دنیا سے نابود ہو جائیں گے یا ہدایت دینے والے لوگ کم ہو جائیں گے۔

اور جب سمندر پھاڑ کر ملا دئے جائیں[5] گے۔

[5] یعنی بڑی بڑی آبنائیں بنا دی جائیں گی جیسے آبنائے پانامہ اور آبنائے سویز۔

اور جب قبریں اکھیڑ کر ادھر ادھر بکھیر دی جائیں[1] گی۔

[1] یعنی پرانے فراعنہ کی قبریں کھود کر ان کی ممیاں فرانس، روس اور انگلستان پہنچا دی جائیں گی۔

تب وہ بڑی (خطا کار) جان[2] (جس کا یہاں ذکر ہے) جان لے گی کہ کیا (کچھ) اس نے آگے بھیجا ہے اور کیا (کچھ) پیچھے [3]چھوڑا ہے۔

[2] اس جگہ نفس سے مراد عیسائیت ہے کیونکہ شرک اور الحاد اسی کے ذریعہ سے دنیا میں پھیل رہا ہے۔

[3] یعنی خداتعالیٰ ایسی علامتیں پیدا کر دے گا جس سے عیسائیت کی تباہی کے آثار ظاہر ہو جائیں گے اور عیسائی قوم معلوم کر لے گی کہ ہم نے بڑے گندے عمل کیے ہیں اور اپنے پیچھے ایسے نشان چھوڑے جا رہے ہیں۔ جو لوگوں کے دلوں میں ہمارے متعلق نفرت پیدا کرتے رہیں گے۔

اے انسان! تجھے کس نے تیرے رب کریم کے بارے میں مغرور (اور دھوکہ خوردہ) بنا دیا ہے[4]۔

[4] اس میں بھی یورپین فلسفہ کی طرف اشارہ کیا ہے کہ اس کے پڑھنے والے اپنے آپ کو شریعت اور خدا سے بالا سمجھتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ ان کو خداتعالیٰ نے پیدا کیا ہے بلکہ اپنے گندے فلسفہ کی بنا پر یہ خیال کرتے ہیں کہ ہم آپ ہی پیدا ہو گئے ہیں۔

(اس رب کے بارے میں) جس نے تجھے پیدا کیا پھر تجھے (یعنی تیری اندرونی قوتوں کو) درست کیا۔ پھر تجھے مناسب قوتیں بخشیں۔

پھر جو صورت اس نے پسند کی، اس میں تجھے ڈھالا۔

ایسا ہرگز نہیں (جو تم خیال کرتے ہو) بلکہ تم تو جزا و سزا کو جھٹلاتے ہو۔

اور یقیناً تم پر (تمہارے خدا کی طرف سے) نگران مقرر ہیں۔

(جو) شریف (اور) ہر بات کو لکھنے والے ہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی