۸۳۔ سورۃ المطففين

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

سودا سلف میں وزن کم کرکے دینے والوں کے لئے عذاب (ہی عذاب) ہے۔

(ان کے لئے) جو تول کر لیتے ہیں تو خوب پورا کرکے لیتے ہیں۔

اور جب (کوئی چیز) دوسروں کو تول کر دیتے ہیں تو پھر وزن[1] میں کمی کر دیتے ہیں۔

[1] آیت میں کَالُوْھُمْ کے الفاظ ہیں جس کے معنے ہیں ان کو تول کر دیتے ہیں۔ مگر چونکہ پہلی آیت میں ان کا ذکر ہے جن سے تول کر لیا جاتا ہے اور دوسری آیت میں ان لوگوں کا ذکر ہے جن کو تول کر دیا جاتا ہے اور سلوک بھی مختلف قسم کے بیان کئے ہیں۔ یعنی ایک پر زیادہ لے کر ظلم کیا گیا ہے اور ایک کو کم دے کر ظلم کیا گیا ہے اس لئے صاف ثابت ہو گیا کہ یہاں ایک قوم نہیں بلکہ دو الگ الگ قوموں کا ذکر ہے اس لئے ہم نے ترجمہ میں دوسروں کا لفظ بڑھا دیا ہے۔

کیا یہ لوگ یقین نہیں کرتے کہ وہ (زندہ کرکے) اٹھائے جائیں گے۔

اس عظیم الشان وقت (کا فیصلہ دیکھنے) کے لئے۔

جس وقت (تمام) لوگ سب جہانوں کے رب (کا فیصلہ سننے) کے لئے کھڑے ہوں گے۔

ایسا نہیں (جو یہ سمجھتے ہیں) بدکاروں (کی جزا) کا حکم یقیناً ایک دائمی [2]کتاب میں ہے۔

[2] سِجِّیْن کے معنے عربی میں دائم اور سخت کے ہیں۔ پس سجین میں نام لکھنے کے معنے یہ ہوئے کہ کفار کا عذاب سخت اور دائمی ہوگا (فتح البیان جلد۱۰)

اور تجھے کس نے بتایا ہے کہ سجین کیا ہے؟

وہ ایسا حکم ہے جو (ازل سے) لکھا ہوا ہے۔

اس دن جھٹلانے والوں کے لئے عذاب (ہی عذاب) ہوگا۔

ان (ایسے جھٹلانے والوں) کے لئے جو جزا سزا کے دن کا انکار کرتے ہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی