۸۴۔ سورۃ الإنشقاق
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
جب آسمان پھٹ جائے[1] گا۔
[1] یعنی جب آسمان سے متواتر نشان ظاہر ہونے لگ جائیں گے۔
اور اپنے رب (کی بات سننے) کے لئے کان[2] دھرے گا۔ اور یہی (اس پر) فرض [3]ہے۔
[2] یعنی نشانات کی کثرت کی وجہ سے بڑے بڑے لوگ اور عالم بھی خداتعالیٰ کی باتوں پر غور کرنے کے لئے تیار ہو جائیں گے۔
[3] یعنی بندے کا اصل فرض تو یہ ہے کہ آسمانی نشان آئیں نہ آئیں اپنی عقل سے کام لے کر ہی خدا کی طرف چلا جائے اور اس بات کا انتظار نہ کرے کہ انذاری یا تبشیری نشانات ظاہر ہوں لیکن وہ ایسا کرتا نہیں۔
اور جب زمین پھیلا دی جائے گی[4]۔
[4] یعنی اس زمانہ میں یہ ثابت ہو جائے گا کہ بہت سے کُرّے جو بظاہر آسمان کے ساتھ وابستہ نظر آتے ہیں وہ زمین کا حصہ ہیں جیسے چاند اور مریخ وغیرہ۔ یہ سائنس کا انکشاف اس زمانہ میں ہوا ہے پہلے نہیں ہوا تھا بلکہ مزید بات یہ ہے کہ ان کُرّوں کو زمین کا حصہ سمجھ کر بعض لوگ یہ کوشش کر رہے ہیں کہ راکٹ کے ذریعہ سے ان تک پہنچ جائیں یا ان کو بھی رہائش کے لحاظ سے زمین کا ہی ایک حصہ ثابت کر دیں اگر یہ ہو جائے یا بعض لحاظ سے چاند اور دوسرے کُرّوں سے ایسے فائدے اٹھائے جا سکیں جس سے زمین متمتع ہو تو اس کا مفہوم یہی ہوگا کہ زمین پھیل گئی ہے۔
اور جو کچھ اس میں ہے وہ اس کو نکال[5] پھینکے گی، اور خالی ہو جائے[6] گی۔
[5] مطلب یہ ہے کہ علم طبقات الارض بڑا وسیع ہو جائے گا اور باریک در باریک راز زمین کے معلوم ہو جائیں گے۔ جیسا کہ آج کل زمین کے مختلف طبقات کا علم ہو رہا ہے اور اس سے زمین اور آسمان کی عمروں کا اندازہ لگایا جا رہا ہے اور ان طبقات کے لحاظ سے بہت سے ایسے فائدے حاصل کیے جاتے ہیں جن سے انسان متمتع ہو رہا ہے۔
[6] خالی ہو جائے گی سے مراد یہ نہیں کہ کوئی فائدہ بھی اس کے اندر نہیں رہے گا۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ اتنی اکثرت سے اس کے راز ظاہر ہوں گے کہ یوں معلوم ہو گا کہ گویا کوئی راز باقی ہی نہیں رہا۔
اور اپنے رب (کی بات سننے) کے لئے کان [2]دھرے گی اور یہی (اس پر) فرض [3]ہے۔
[2] اس جگہ زمین سے مراد زمین کے رہنے والے ہیں اور مطلب یہ ہے کہ جس وقت یہ امور ظاہر ہوں گے اللہ تعالیٰ قرآن کریم کی اشاعت کے ایسے سامان پیدا کر دے گا کہ زمین کے باشندے اس پر تعجب کرنے لگ جائیں گے۔
[3] اس میں اس طرف اشارہ ہے کہ اس آخری زمانہ کے آنے سے پہلے بھی اس کا یہی فرض تھا۔ مگر افسوس کہ اس نے آخری زمانہ کا انتظار کیا۔ اور اس دن کا انتظار کیا جب زمین بھی نشان ظاہر کرنے لگی اور آسمان بھی۔
اے انسان! تو اپنے رب کی طرف پورا زور[4] لگا کر جانے والا ہے (اور) پھر اس سے ملنے والا ہے۔
[4] یعنی اللہ کی زیارت عمر بھر محنت کرکے حاصل ہوتی ہے۔ اِلَّا اَنْ یَّشَآءَ اللّٰہ۔
پس جس کے داہنے[5] ہاتھ میں اس کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔
[5] داہنے سے مرادنیکی ہے پس داہنے ہاتھ میں اعمال نامہ دینے کے معنے یہ ہیں کہ اس کی نیکیاں غالب ہوں گی اور اس کے داہنے ہاتھ میں اعمال نامہ آتے ہی اسے پتہ لگ جائے گا کہ وہ جنتی ہے۔
تو اس سے جلد ہی آسان[6] حساب لے لیا جائے گا۔
[6] مطلب یہ ہے کہ داہنے ہاتھ میں اس کا اعمال نامہ دینے سے اسے پتہ لگ جائے گا کہ خدا نے اس کا حساب لے لیا ہے اور اس کی جنتی قرار دے دیا ہے اور اس سے زیادہ آسان حساب اور کیا ہو سکتا ہے۔
اور وہ اپنے اہل کی طرف خوش (بخوش) لوٹے[7] گا۔
[7] یعنی چونکہ اس کو پتہ لگ جائے گا کہ وہ جنتی ہے وہ اپنے اہل کو خوشخبری دینے کے لئے ان کی طرف جائے گا اور ان کو یہ خوش خبری سنائے گا۔
اور جس کو اس کی پیٹھ[8] کے پیچھے سے اس کا اعمال نامہ دیا جائے گا۔
[8] قرآن کریم سے پتہ لگتا ہے کہ منافق اور کافر شریعت حقّہ کو اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیتے ہیں۔ اسی محاورہ کو اس جگہ استعمال کیا گیا ہے۔ یعنی جس طرح وہ قرآن کریم کو پیٹھ کے پیچھے پھینکتے تھے۔ اسی طرح بدکاروں کو ان کا اعمال نامہ پیٹھ کے پیچھے کی طرف سے دیا جائے گا۔ یہ اشارہ کرنے کے لئے کہ تم بھی دنیا میں ہماری کتاب کو پیٹھ کے پیچھے پھینکتے تھے۔
وہ جلد ہی (اپنے منہ سے اپنی) ہلاکت کو بلائے گا۔[1]
[1] یعنی اس وقت ایسے کافر پر یہ حقیقت کھل جائے گی کہ وہ بہت بڑا عذاب پانے والا ہے اور وہ سمجھے گا کہ اس عذاب سے نجات پانے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ اس کو بالکل مٹا دیا جائے اور خدا سے دعائیں مانگے گا کہ مجھے عذاب نہ دو، مجھے مٹا دو۔