۸۴۔ سورۃ الإنشقاق
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگا۔[2]
[2] یعنی اس کی دعا سنی نہیں جائے گی اور اسے بہرحال دوزخ میں ڈال دیا جائے گا۔
وہ اپنے اہل و عیال میں خوب خوش رہا کرتا تھا۔[3]
[3] یعنی وہ دنیا میں بڑا متکبر تھا اور اپنے اہل و عیال میں ایسی خوش بخوش زندگی بسر کرتا تھا گویا وہ بڑا کامیاب انسان ہے۔
(اور) یقین رکھتا تھا کہ فراخی کے بعد کبھی اسے تنگی نہ آئے گی۔[4]
[4] یعنی اسے یقین ہوتا تھا کہ اس کی فراخی کا زمانہ کبھی نہیں بدلے گا۔
مگر ایسا تو (ضرور) ہونا تھا، کیونکہ اس کا رب اسے یقیناً دیکھ رہا تھا۔[5]
[5] فرماتا ہے اس کا یہ خیال غلط نکلا کیونکہ خداتعالیٰ اس کے اعمال کو دیکھ رہا تھا اور اس کے اعمال کے مطابق اس کو جزا دینے کے لئے گھات میں بیٹھا ہوا تھا۔
اور ان کے خیال کی غلطی کے ثبوت میں ہم شفق [6]کو پیش کرتے ہیں۔
[6] یعنی جس طرح شفق کا زمانہ چھوٹا ہوتا ہے اسی طرح اسلام کا سورج جب ڈوبے گا تو وہ زمانہ بھی چھوٹا ہوگا۔ اور دوبارہ سورج نکلنے کا زمانہ قریب ہوگا۔
اور رات کو بھی اور اسے بھی جسے وہ سمیٹ لیتی ہے۔
اور چاند[7] کو (بھی) جب وہ تیرھویں کا ہو جائے (شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں)
[7] یعنی جس طرح تیرھویں، چودھویں، پندرھویں اور سولھویں کا چاند قریبًا مکمل ہوتا ہے اسی طرح تیرھویں، چودھویں، پندرھویں اور سولھویں صدی میں اسلام کی ترقی مکمل ہوتی چلی جائے گی۔ اِ تَّسَقَ کے یہی معنے علّامہ شوکانی نے فتح القدیر میں کیے ہیں۔
تم ضرور درجہ بدرجہ ان حالتوں کو پہنچو گے۔
اور ان کفار کو کیا ہوا ہے کہ ایمان نہیں لاتے۔
اور جب ان کے سامنے قرآن پڑھا جائے، تو سجدہ نہیں کرتے۔
بلکہ کافر اپنے کفر میں اتنے بڑھ گئے ہیں کہ وہ (قرآن کی سچائی کو) جھٹلانے لگ گئے ہیں۔
اور اللہ اسے جسے وہ (اپنے دلوں میں) چھپائے ہوئے ہیں خوب جانتا ہے۔