۸۵۔ سورۃ البروج
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
مَیں بُرجوں[1] والے آسمان کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔
[1] بُرج آسمان کے ان فرضی مقامات کو کہتے ہیں جن میں فرض کیا جاتا ہے کہ سورج گذرتا ہے۔ پس اس جگہ کہا گیا ہے کہ مَیں بُرجوں والے آسمان کی شہادت پیش کرتا ہوں یعنی آسمان روحانی کے جو سورج ہیں ان کی ترقیات روحانی کو میں گواہی کے طور پر پیش کرتا ہوں۔ یعنی جُوں جُوں وہ اپنی سیر روحانی میں ترقی کریں گے۔ قرآن کریم کی سچائی کی گواہی دیتے چلے جائیں گے۔
اور اس دن کو بھی جس کا وعدہ [1]ہے۔
[1] یعنی وہ دن جبکہ انسان خدا کے فضل سے پھر اپنے ربّ کو پا لے گا۔
اور (موعود) گواہ [2]کو اور اس شخص کو جس کی پیشگوئی پہلی کتب میں موجود ہے۔
[2] یعنی اس دن ایک ایسا انسان ظاہر ہوگا جو خداتعالیٰ سے الہام پاکر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچائی کی گواہی دے گا اور دوسری طرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام میں اس کی سچائی پر گواہی ہوگی۔ اس لئے وہ گواہ بھی ہوگا اور مشہود بھی ہوگا۔ یعنی جس پر گواہی دی گئی ہے۔
خندقوں [3]والے ہلاک ہو گئے۔
[3] یعنی سچے مذہبوں کے دشمن ہمیشہ مومنوں کو ہلاک کرنے کے لئے آگ بھڑکاتے رہتے ہیں لیکن ان کو ہلاک کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور خود ہلاک ہو جاتے ہیں۔
یعنی (خندقوں میں) آگ (بھڑکانے والے) جس میں (خوب) ایندھن (جھونکا گیا[4]) تھا۔[5]
[4] یعنی یہ آگ جو سچے مذہبوں کے خلاف یا ان کے لیڈروں کے خلاف بھڑکائی جاتی ہے معمولی آگ نہیں ہوتی بلکہ باربار دشمنی کے ایندھن سے اس کو بھڑکایا جاتا ہے۔
[5] یہ لفظ دو طرح آتا ہے، ایک وُقُوْدٌ (واؤ کی پیش کے ساتھ) جس کے معنے ہیں آگ بھڑکانا اور ایک وَقُوْدٌ (واؤ کی زبر کے ساتھ) جس کے معنے ایندھن کے ہیں اسی لئے ہم نے اس کے معنے یہ کئے ہیں کہ اس میں باربار ایندھن ڈالا جائے گا۔ ورنہ جلنے والی تو ہر آگ ہوتی ہے۔ یہ کہنا کہ ایندھن والی آگ ہوگی اس کے معنے یہی ہیں کہ اس میں باربار ایندھن ڈالا جائے گا۔
جب وہ اس آگ پر (دھرنا مار کر) بیٹھے ہوئے تھے۔[6]
[6] یعنی سچائی کے دشمن اس آگ کے پاس رہتے ہیں تا کہ ذرا وہ کم ہو تو اس میں وہ اور ایندھن ڈال دیں۔
اور وہ مومنوں سے جو کچھ (معاملہ) کر رہے تھے، ان کا دل اس کی حقیقت کو سمجھتا تھا۔[7]
[7] یعنی گو مجددوں اور کامل مومنوں کی مخالفت کرنے والے لوگ ان کو دکھ دیتے ہیں۔ مگر ان کا دل گواہی دیتا ہے کہ وہ ظلم کرتے ہیں۔ اور کئی دفعہ ان کے منہ سے نکل جاتا ہے کہ یہ تو بہت بُری بات ہے۔
اور وہ ان سے صرف اس لئے دشمنی کرتے تھے کہ وہ غالب (اور) سب تعریفوں کے مالک اللہ پر ایمان کیوں لائے[8]۔
[8] یہ آیت اس دعویٰ کی دلیل ہے جو پہلی آیت میں بیان ہوا ہے۔ یعنی ان کی مخالفت کسی بنیاد پر نہیں ہوتی بلکہ صرف حسد کی وجہ سے ہوتی ہے۔
وہ اللہ جس کے قبضہ میں آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے اور (یہ نہیں سوچتے کہ) اللہ ہر چیز (کے حالات) سے واقف [1]ہے۔
[1] یعنی ان کی مخالفت جتنے جتنے بغض اور کینہ کے نتیجہ میں ہوگی اس کے مطابق ان کو سزا ملے گی۔
وہ[2] لوگ جنہوں نے مومن مردوں اور مومن عورتوں کو عذاب میں مبتلا کیا پھر (اپنے فعل سے) توبہ بھی نہ کی، انہیں یقیناً جہنم کا عذاب ملے گا۔ اور (اس دنیا میں بھی) انہیں (دل کو) جلا دینے والا عذاب ملے گا۔
[2] مومنوں میں مرد بھی ہوتے ہیں اور عورتیں بھی۔ ان کے ساتھ جو کچھ سلوک کفار کیا کرتے ہیں اس کی تفصیل پہلے آچکی ہے اس لئے اس کے دہرانے کی ضرورت نہیں۔
(اور) جو لوگ ایمان لائے اور ساتھ ہی اس (ایمان) کے مناسب حال عمل بھی انہوں نے کیے انہیں باغات ملیں گے جن کے نیچے نہریں [3]بہتی ہوں گی (اور) یہی بڑی کامیابی ہے۔
[3] قرآن کریم میں باربار جنتوں کے متعلق آتا ہے کہ ان کے نیچے نہریں بہتی ہیں حالانکہ جو نہریں باغوں میں بہتی ہیں وہ ان کے نیچے نہیں بہتیں۔ سو یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا کے باغات کے اندر جو نہریں بہتی ہیں وہ گورنمنٹ یا کسی بڑے زمیندار کے ماتحت ہوتی ہیں مگر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جنتوں میں بہنے والی نہریں ان جنتوں میں رہنے والوں کے قبضہ میں ہوں گی اور وہ درختوں کے بھی اور پانیوں کے بھی کامل مالک ہوں گے۔