۸۶۔ سورۃ الطارق

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں آسمان کو اور صبح کے ستارے کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔

اور کس چیز نے تجھے علم دیا ہے کہ صبح کا ستارہ کیا ہے۔

وہ ستارہ (وہ ہے) جو بہت چمکتا ہے۔

(ہم دعویٰ کرتے ہیں کہ اس قسم کی) کوئی جان نہیں، جس پر ایک نگران (خدا کی طرف سے) مقرر نہ ہو۔

پس انسان کو دیکھنا چاہیے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا ہے۔

وہ ایک اچھلنے والے پانی سے پیدا کیا گیا ہے۔

وہ (پانی یا انسان) پیٹھ اور سینہ (کی ہڈیوں) کے درمیان[1] سے نکلتا ہے۔

[1] یعنی آلاتِ تناسل سے جو پیٹھ اور سینہ کی ہڈیوں کے درمیان ہوتے ہیں۔ یہ قرآنی کمال ہے کہ ننگی سے ننگی بات کو لطیف اشارہ میں بیان کر دیتا ہے۔

وہ (یعنی خدا) اس کے دوبارہ لوٹانے پر بھی یقیناً قادر ہے۔

اس دن جب پوشیدہ بھید ظاہر کیے جائیں گے۔

جس کے نتیجہ میں نہ تو (اپنے اوپر سے مصیبت ٹلانے کی) کوئی طاقت اس (انسان) کے پاس رہے گی اور نہ اس کا کوئی مددگار ہوگا۔

میں شہادت کے طور پر اس بادل کو پیش کرتا ہوں جو بارش سے بھرا ہوا باربار[2] برستا ہے۔

[2] اس جگہ سَمَآء کا لفظ ہے جو عام طور پر آسمان کے معنے میں استعمال ہوتا ہے۔ مگر لغت میں اس کے معنے بادل کے بھی لکھے ہیں۔ چونکہ اس کے بعد ذَاتِ الرَّجْع کے الفاظ آتے ہیں جس کے معنے باربار لوٹنے والے کے ہیں اور باربار آنا برسنے والے بادل کی صفت ہے اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ بادل کر دیا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی