۸۶۔ سورۃ الطارق

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور اس زمین کو بھی شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں جو بارش کے نازل ہونے کے بعد پھٹ کر روئیدگی نکالتی [3]ہے۔

[3] اصل الفاظ ذَاتِ الصَّدْعِ کے ہیں جس کے عام معنے پھٹنے کے ہوتے ہیں۔ لیکن لغت میں اس کے معنے روئیدگی نکالنے والی شے کے بھی ہوتے ہیں جو زمین کا کام ہے اور یہی معنے اس جگہ ہم نے کیے ہیں۔ خصوصاً اس لئے کہ پہلے بادلوں کا ذکر ہے اور بادل کے نتیجہ میں روئیدگی پیدا ہوتی ہے۔ یہ نہیں ہوتا کہ زمین پھٹ جائے۔

یہ شہادت اس امر پر ہے کہ وہ (قرآن) یقیناً قطعی[1] اور آخری بات ہے۔

[1] یعنی جب خداتعالیٰ نے مادی دنیا کی سیرابی کے لئے بارش نازل کی ہے اور ایک ہی دفعہ نہیں کی بلکہ تھوڑے تھوڑے فاصلہ پر وہ بارش نازل کرتا رہتا ہے تو یہ کیونکر ہو سکتا تھا کہ ضرورت کے موقعہ پر روحانی بارش نازل نہ ہو۔ جو قرآن یا قرآن کی تائیدی و حیاں ہیں۔

اور وہ کوئی (بے فائدہ[2] اور) کمزور [3]کلام نہیں۔

[2] اوپر کے دلیلوں سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ قرآن ایک فیصلہ کرنے والی کتاب ہے کیونکہ وہ ہر ایک بات کو دلیل سے بیان کرتی ہے اگر اس کی دلیلیں غلط نکلیں گی تو جھوٹی ثابت ہو جائے گی اور دلیلیں ٹھیک نکلیں گی تو سچی ثابت ہو جائے گی۔ اس کے خلاف دوسری کتابیں بغیر دلیل کے بات کرتی ہے اس لئے ان کے سچے اور جھوٹے ہونے کا فرق نکالنا مشکل ہو جاتا ہے۔

[3] اس جگہ بادلوں اور زمین کو قرآن کریم کی سچائی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ یعنی جس طرح بارش نازل ہوتی ہے اور زمین روئیدگی اگاتی ہے۔ اسی طرح قرآن کریم کے نازل ہونے پر نہایت پاکیزہ اور نیک نسل پیدا ہوگی اور ایسی اعلیٰ نسل پیدا ہوگی جو ثابت کر دے گی کہ قرآن مجید آخری کتاب ہے اور اس کے بعد کسی اور کتاب کی امید فضول ہے۔ نہ اس میں کوئی کمزوری ہے اور نہ کوئی بے فائدہ بات ہے۔ جو بات بھی بیان ہوئی ہے بڑی فائدہ والی اور بڑی مضبوط ہے۔

وہ لوگ یقیناً (اس قرآن کے خلاف) خوب داؤ پیچ کریں گے۔

اور میں (خدا ان کے خلاف) خوب تدبیریں کروں گا (اور حق کھل جائے گا)

پس (اے رسول)! کفار کو مہلت دو (ہاں) انہیں کچھ دن کی اور مہلت[4] دو (تا کہ جو زور لگانا چاہیں لگالیں)

[4] اس آیت میں بتایا ہے کہ کفار قرآن مجید کے خلاف ہر قسم کی تدبیریں کریں گے۔ اگر وہ جھوٹا ہوتا تو کامیاب نہ ہوتا۔ لیکن چونکہ وہ خدا کی طرف سے ہے۔ جب وہ خداتعالیٰ کے کلام کو مٹانے کی کوشش کریں گے تو وہ بھی ان کو مٹانے کی تدبیریں کرے گا۔ اور نتیجہ یہی نکلے گا کہ اللہ تعالیٰ جیت جائے گا اور وہ ہار جائیں گے۔ ہاں جیسا کہ الٰہی سنت ہے عذاب ذرا دیر سے آتا ہے۔ اور اسی کی طرف اس اٹھارھویں آیت میں اشارہ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ اے رسول! کفار کو مہلت دے یعنی مہلت دینے کے نتیجہ میں وہ اپنا سارا زور اسلام کے مٹانے میں لگا دیں گے اور یہ کہنے کا موقعہ ان کو نہیں ملے گا کہ ہم کو مسلمانوں کے تباہ کرنے کی مہلت نہیں ملی۔ جب مہلت مل جائے گی تو پھر ان کا مُنہ بند ہو جائے گا۔

آج 10 میں سے 10 باقی