۸۷۔ سورۃ الأعلى
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(اے رسول)! اپنے بزرگ (وبرتر) رب کے نام کا بے عیب ہونا بیان کر۔
(وہ) جس نے (انسان کو) پیدا کیا اور (اسے) بے عیب [1]بنایا۔
[1] یعنی انسان کے وجود میں روحانی ترقی کا بے انتہا مادہ رکھا گیا ہے۔ اسی طرح علمی ترقی کا بھی بے انتہا مادہ رکھا گیا ہے۔ فرماتا ہے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس انسان کو پیدا کرنے والا بے عیب ہے اگر وہ خود بے عیب نہ ہوتا اور ساری خوبیوں کا جامع نہ ہوتا تو ایسا انسان کس طرح پیدا کرتا۔
اور جس نے (اس کی طاقتوں کا) اندازہ کیا اور (ان کے مطابق) اسے ہدایت دی۔
اور جس نے زمین سے چارہ نکالا۔
پھر اسے سیاہ کوڑا کرکٹ بنادیا۔
(اے مسلمان) ہم تجھے (اس طرح) پڑھائیں گے کہ اس کے نتیجہ میں تو بھولے گا نہیں[2]۔
[2] یعنی قرآن کریم مسلمانوں کے دلوں میں اس طرح رچا دیا جائے گا کہ کوئی نہ کوئی حصہ قیامت تک اس کی محبت میں سرشار رہے گا۔ اور باربار ایسے کامل انسان مسلمانوں میں پیدا ہوتے رہیں گے جو قرآن مجید کا جھنڈا اونچا رکھیں گے۔
سوائے اس کے جو اللہ بھلانا چاہے[3]، وہ یقیناً ظاہر کو بھی جانتا ہے اور اسے بھی جو مخفی ہے۔
[3] اس سے پتہ لگتا ہے کہ صداقت سے دور اللہ تعالیٰ نہیں کرتا، بلکہ انسان آپ ہوتا ہے۔ اسی لئے فرماتا ہے کہ ہمارا کام تو یہ ہے کہ ہم قرآن مسلمانوں کو سکھائیں گے۔ لیکن اگر مسلمانوں میں سے بعض بدبخت اسے بھلانا چاہیں۔ تو چونکہ خداتعالیٰ ان کے ظاہر و باطن کو جانتا ہے۔ وہ ان کے ارادہ میں روک نہیں بنے گا اور کہے گا کہ جب یہ آپ تباہ ہونا چاہتے ہیں تو ہونے دو۔
اور ہم (اے مسلمان) تیرے لئے (کامیابیوں اور) آسانیوں کا حصول آسان کر دیں گے[1]۔
[1] اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ قرآن مجید جو فطرت کے مطابق ہے۔ اس پر عمل مشکل نہیں۔ اور اگر کوئی شخص اس پر عمل کرنا چاہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی مدد کرتا ہے اور اس پر عمل کرنا بندے کے لئے اور بھی آسان کر دیتا ہے۔
پس تم بھی نصیحت[2] کرو، نصیحت کرنا (ہمیشہ دنیا میں) مفید ہوتا رہا ہے۔
[2] یعنی جبکہ خداتعالیٰ انسان کو ہدایت کی طرف لے جاتا ہے تو انسان کا بھی فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نقل کرتے ہوئے باقی انسانوں کو بھی نصیحت کرتا رہے اور یہ کبھی نہ سمجھے کہ گمراہ انسان ہدایت نہیں پا سکتے۔ بلکہ امید رکھے کہ جس شخص کے دل میں ذرا بھی خدا کا خوف ہوگا وہ ضرور نصیحت حاصل کرے گا۔
جو (خدا سے) ڈرتا ہے وہ یقیناً نصیحت حاصل کرے گا۔
اور (اس کے برخلاف) جو نہایت بدبخت ہوگا وہ اس سے گریز ہی کرتا رہے گا[3]۔
[3] یعنی صرف وہی شخص قرآن کریم سے گریز کرے گا۔ جس کی بداعمالی نے اس کے دل پر مہر لگا دی ہوگی۔