۸۸۔ سورۃ الغاشية
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
کیا تجھے (دنیا پر) چھا جانے والی (مصیبت) کی بھی خبر پہنچی ہے؟
اس دن (جب وہ مصیبت چھا [2]جائے گی) کچھ چہرے اترے ہوئے ہونگے۔
[2] اس جگہ انسانوں پر جو آخری زمانہ میں عذاب آنے والا ہے اس کی خبر دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ جب وہ عذاب آئے گا تو مجرم انسان کا چہرہ اترا ہوا ہوگا۔ اور وہ بڑا زور لگائے گا کہ کسی طرح وہ اس عذاب کو ٹلا دے۔
(وہ) محنت کر رہے ہوں گے (اور) تھک کر چور ہو رہے ہوں گے۔
(لیکن اس محنت سے کوئی فائدہ نہ ہوگا اور) وہ جماعت (بہرحال) ایک بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل[3] ہوگی۔
[3] تَصْلٰی کی ضمیر وُجُوْہٌ کی طرف جاتی ہے اس لئے اس کا ترجمہ جماعت کیا گیا ہے۔
اور اس (ساری جماعت) کو ابلتے ہوئے چشمہ سے (پانی) پلایا جائے گا۔
اس کو سوکھے شبرق گھاس [1]کے سوا اور کوئی کھانا نہیں ملے گا۔
[1] عربی میں ضَرِیْع اور شِبْرَق دو لفظ ہیں جن سے مراد ایسا گھاس ہوتا ہے جس کی جڑیں نہیں ہوتیں جب وہ خشک ہو تو اس کو ضَرِیْع کہتے ہیں اور جب تازہ ہو تو اُسے شِبْرَق کہتے ہیں اور اس کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ اس کے کھانے سے کوئی نفع نہیں ہوتا یعنی نہ تو انسان کی صحت کو کوئی طاقت حاصل ہوتی ہے اور نہ وہ موٹا ہوتا ہے چنانچہ قرآن کریم نے بھی یہی معنے کئے ہیں کہ لَایُسْمِنُ وَلَایُغْنِیْ مِنْ جُوْعٍ اور آیت کا مطلب یہ ہے کہ وہ دوزخ میں جائیں گے اور ایسے کھانے ان کو نہیں ملیں گے جو طاقت بخشنے والے ہوں بلکہ وہ کھانے ملیں گے جونہ طاقت بخشیں گے اور نہ ان سے سیری ہوگی۔ اس تفصیل سے مراد دوزخ ہے۔ چنانچہ اگلی آیات میں پھر جنت کا ذکر کیا ہے اور نویں آیت میں فرمایا ہے کہ کچھ چہرے خوش بخوش ہوں گے۔
جو نہ تو انہیں موٹا کرے گا اور نہ بھوک (کی تکلیف) سے بچائے گا۔
کچھ (اور) چہرے اس دن خوش بخوش ہوں گے۔
اپنی (سابقہ) کوششوں پر مطمئن ہوں گے۔
بلند (وبالا) جنت میں (رہ رہے) ہوں گے۔
وہ اس میں کوئی لغو بات نہ سنیں گے۔