۸۹۔ سورۃ الفجر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

مَیں شہادت کے طور پر ایک آنے والی فجر کو پیش کرتا ہوں[1]۔

[1] یعنی مدینہ کی ہجرت کی۔

اور دس [2]راتوں کو بھی۔

[2] اس سورۃ کے نزول کے بعد دس سال آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مکّہ میں رہے جو تکلیف کے سال تھے اور رات کہلانے کے مستحق۔ اس کے بعد ہجرت ہوئی جس میں جفت یعنی شَفْع کا نظارہ بھی تھا اور وَتَرَ کا بھی۔ یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکرؓ ہجرت میں شامل تھے اور خداتعالیٰ جو ایک ہے، آسمان سے ان کے ساتھ تھا۔ جیسے فرمایا فَقَدْ نَصَرَہُ اللّٰہُ اِذْ اَخْرَجَہُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا ثَانِیَ اثْنَیْنِ اِذْ ھُمَا فِی الْغَارِ (توبۃ: ۴۰) اس میں شَفْع کی طرف اشارہ تھا اور پھر فرمایا لَا تَحْزَنْ اِنَّ اللّٰہَ مَعَنَا (توبۃ: ۴۰) اس میں وتر کی طرف اشارہ فرمایا۔

اور ایک جفت کو اور ایک وتر کو۔

اور (مذکورہ بالا دس راتوں کے بعد آنے والی) رات کو جب وہ چل[3] پڑے۔

[3] اس میں بتایا ہے کہ جب مدینہ میں تکلیفوں والی رات آئے گی تو وہ جلد ختم ہو جائے گی جس کی طرف ’’چل پڑے‘‘ کے الفاظ سے اشارہ ہے۔

کیا اس میں عقل مند کے لئے کوئی قسم (یعنی شہادت) ہے (یا نہیں؟)

کیا تجھے معلوم ہے کہ تیرے رب نے عاد سے کیا (معاملہ) کیا۔

یعنی (عاد) ارم سے جو بڑی بڑی عمارتوں والے تھے۔

وہ لوگ جن کی مانند کوئی قوم ان ملکوں میں پیدا ہی نہیں کی گئی تھی۔

اور (کیا) ثمود (کے متعلق بھی تجھے معلومات ہیں) جو وادیوں میں کھود کر (اپنے مکان) بناتے تھے۔

اور فرعون (کے متعلق بھی تجھے کچھ پتہ ہے) جو پہاڑوں[1] کا مالک تھا۔

[1] یعنی ایسے انسانوں کا جو پہاڑ کہلانے کے مستحق تھے اور مصر کے نظام کو اپنے زور اور طاقت سے قائم رکھے ہوئے تھے۔

وہ (پہاڑ) جنہوں نے شہروں میں سخت[2] فساد کر رکھا تھا۔

[2] یہ مفہوم اَلْ سے نکالا گیا ہے کیونکہ اَلْ کا لفظ خاص چیز کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی