۸۹۔ سورۃ الفجر
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور فساد میں بڑھتے ہی جاتے تھے۔
جس پر تیرے رب نے ان پر عذاب کا کوڑا برسایا۔
تیرا رب یقیناً گھات میں (لگا ہوا) ہے۔
پس (ذرا دیکھ تو) انسان کی حالت کو کہ جب اس کا رب اسے آزمائش میں ڈالتا ہے، اور اس کی عزت کرتا ہے اور اس پر نعمت نازل کرتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ (میں ایسا ذیشان ہوں کہ) میرے رب نے (بھی) میری عزت کی۔
اور جب (خدا) اسے آزمائش میں ڈالتا ہے اور اس کے رزق کو تنگ کر دیتا ہے تو وہ کہتا ہے، میرے رب نے (بلاوجہ) میری بے عزتی کی۔
(خدا بلا وجہ سزا نہیں دیتا) بلکہ (قصور تمہارا اپنا ہے کہ) تم یتیم کی عزت نہیں کرتے تھے۔
اور نہ مسکین کو کھانا کھلانے کی ایک دوسرے کو رغبت دلاتے تھے۔
اور ورثہ کا مال سب کا سب (عیش میں) اڑا جاتے تھے۔
اور تم مال سے بے انتہا محبت کرتے تھے۔
سنو! جب زمین کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جائے گا[1]۔
[1] یعنی کفار میں نفاق پیدا ہو جائے گا اور وہ الگ الگ ہو جائیں گے۔ یا مسلمان جن علاقوں کو فتح کریں گے ان کی قوموں میں اختلاف پیدا ہو جائے گا اور وہ اکٹھے ہو کر مسلمانوں کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔
اور تیرا رب اس شان[2] میں آئے گا کہ فرشتے صفیں باندھے کھڑے ہوں گے۔
[2] یعنی جیسا کہ قرآن کریم میں بیان ہے اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے جب کفار کی طرف آتے ہیں تو عذاب لے کر نازل ہوتے ہیں (دیکھئے سورۃ حشر آیت۳۔ و سورۃ بقرہ آیت۲۱۱) یہی اس وقت ہوگا خدا کا آنا اور فرشتوں کا آنا بتائے گا کہ ان لوگوں پر تباہی آنے والی ہے جیسا کہ بدر کے موقعہ پر تاریخوں میں آتا ہے کہ بدر کی جنگ کے موقعہ پر کفار نے فرشتے دیکھے تھے جو ان پر تلواریں مارتے تھے اور پتھر پھینکتے تھے اور ان کو ان فرشتوں کے دیکھنے کا اس قدر یقین تھا کہ جب بعد میں مسلمان ان سے ملے تو انہوں نے ان سے کہا کہ جنگ کے وقت تمہارے پہلو میں اس قسم کی وردی پہنے ہوئے سوار لڑ رہا تھا اور اس صحابی نے بھی تصدیق کی کہ ہاں! میں نے بھی دیکھا تھا۔ معلوم ہوتا ہے کہ بدر کے موقعہ پر یہ کشف عام کر دیا گیا تھا جو کافروں نے بھی دیکھا تھا اور مومنوں نے بھی۔
اور اس دن جہنم (قریب) لائی[3] جائے گی، اس عذاب کے وقت انسان چاہے گا کہ نصیحت حاصل کرے مگر وہ وقت نصیحت سے پورا پورا فائدہ اٹھانے[4] کا نہیں ہوگا۔
[3] یعنی وہ سزا کا دن ہوگا، اور جہنم کافروں کو نظر آنے لگ جائے گی۔
[4] الٰہی کتب میں ہمیشہ رحم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ فرعون آخری وقت میں ایمان لایا تو اس کے متعلق بھی یہی حکم ہوا کہ ہم تمہاری ساری دعا کو قبول نہیں کر سکتے مگر بہرحال تمہارے جسم کو محفوظ رکھیں گے (یونس: ۹۳) یہی حال اہل مکّہ کا ہوا۔ جب مکہ فتح ہوا تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلان فرمایا کہ لَا تَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ جس کے معنے یہی تھے کہ قتل اور موت کے عذاب سے بچا لئے گئے۔ لیکن ان کو وہ مقام حاصل نہیں ہوا، جو ابتدائی صحابہؓ کو حاصل ہوا تھا۔ چنانچہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو لوگ فتح کے بعد ایمان لائے، وہ ان لوگوں کے برابر نہیں ہو سکتے جو اس سے پہلے ایمان لائے تھے (حدید: ۱۱)