۸۹۔ سورۃ الفجر
تفسیر صغیر, حصہ 3
وہ کہے گا، کاش میں نے اپنی (اس) زندگی کے لئے کچھ آگے بھیجا[5] ہوتا۔
[5] یعنی نتیجہ نکلنے کے وقت خواہ وہ دنیا میں نکلے یا آخرت میں وہی اعمال کام آتے ہیں جو انسان پہلے کر چکا ہے۔
پس اس دن خدا کے عذاب جیسا اسے کوئی عذاب[6] نہ دے گا۔
[6] یعنی جب خداتعالیٰ کا عذاب آجائے تو پھر اور کوئی عذاب اس کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔
اور نہ اس کی گرفت جیسی کوئی گرفت کرے گا۔
اے نفس مطمئنہ!
اپنے رب کی طرف لَوٹ[1] آ (اس حال میں کہ تو اسے) پسند کرنے والا بھی ہے اور اس کا پسندیدہ بھی۔
[1] اس میں بتایا ہے کہ اطمینان کامل اللہ تعالیٰ کے وصال سے حاصل ہوتا ہے۔ اور وصال اس کا نام ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو تقدیر آئے انسان اس کو پسند کرے اور انسان جو کام کرے وہ خدا کو پیارا لگے۔
پھر (تیرا رب تجھے کہتا ہے کہ) آ میرے (خاص) بندوں میں داخل [2]ہو جا۔
[2] جب انسان اس مذکورہ بالا مقام پر پہنچ جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ تو میرے خاص بندوں میں داخل ہو گیا ہے۔ جو لازمی طور پر جنت میں جائیں گے اور گویا زبان حال سے جنت اسے اپنی طرف پکار رہی ہوتی ہے۔
اور (آ) میری جنت میں بھی داخل ہو جا۔