۹۰۔ سورۃ البلد
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
سُن لو! تمہاری بات غلط ہے میں اس شہر (مکّہ) کو تیری سچائی کے طور پر پیش کرتا ہوں[3]۔
[3] یعنی اسے شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔
اور (کہتا ہوں کہ اے محمد) تو (ایک دن) پھر اس شہر (مکّہ) میں واپس آنے والا ہے۔
اور باپ[4] کو بھی اور بیٹے کو بھی (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں)
[4] اس جگہ باپ اور بیٹے سے مراد حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام ہیں جنہوں نے مکّہ بنایا تھا۔ وہ دونوں بھی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچائی کے گواہ ہیں۔ کیونکہ دونوں نے مکّہ کی بنیاد رکھتے وقت یہ کہا تھا کہ اس میں پاک کرنے والے لوگ آکر بسیں لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں اس میں مشرک بس رہے تھے۔ پس لازمی تھا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح پائیں اور ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کی پیشگوئی بھی پوری ہو جائے اور مکّہ بھی پاک ہو جائے۔
ہم نے یقیناً انسان کو رہینِ محنت [1]بنایا ہے۔
[1] یعنی مکّہ آسانی سے فتح نہیں ہوگا بلکہ اس کے لئے بڑی محنتیں کرنی پڑیں گی۔ جنگی یلغاریں بھی اور تبلیغ بھی۔
کیا وہ یہ گمان کرتا ہے کہ اس پر کسی کا زور نہیں چلے گا۔[2]
[2] اس سے مراد مکہ والے ہیں اور اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پر کوئی غالب نہیں آسکتا۔ لیکن یہ جھوٹ ہے۔
وہ کہتا ہے کہ میں نے تو ڈھیروں ڈھیر مال لٹا دیا ہے۔[3]
[3] یعنی خواہ دنیا کی ڈھیروں ڈھیر دولت بھی اسلام کے مقابلہ کے لئے لُٹا دیں۔ پھر بھی اسلام ہی غالب آئے گا اور وہ ناکام رہیں گے۔
کیا وہ سمجھتا ہے کہ اسے کوئی دیکھنے والا نہیں ہے۔[4]
[4] یعنی نتائج تو خداتعالیٰ پیدا کرتا ہے۔ دنیوی سامانوں سے نتائج نہیں نکلتے۔ اس لئے جب خدا دیکھ رہا ہے کہ ان کے دلوں میں شرک اور کفر ہے اور وہ سب نیک نظر آنے والے اعمال نمائش کے طور پر کرتے ہیں تو یقیناً وہ ان کے نیک نظر آنے والے اعمال کے نتیجہ میں ان کو سُکھ نہیں دے گا بلکہ ان کو عذاب ہی دے گا۔
کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں نہیں پیدا کیں؟[5]
[5] یعنی دل کی آنکھیں۔ جن سے وہ سچائی کو سمجھ سکتا ہے۔
اور زبان بھی اور دو ہونٹ بھی (پیدا نہیں کیے؟)[6]
[6] یعنی زبان اور ہونٹوں سے وہ اپنے شکوک کا اظہار کرے اور اس طرح اپنے دل کو پاک کرے۔
پھر ہم نے اسے (ہدایت اور گمراہی کے) دونوں راستے بھی بتا دئیے[7] ہیں۔
[7] یعنی قرآن کریم نے واضح کر دیا ہے کہ ہدایت کیا ہے اور گمراہی کیا ہے اس کے بعد بھی اگر وہ گمراہی کی طرف جائے تو اس کا اپنا قصور ہے کیونکہ اس کو خداتعالیٰ نے اندرونی آنکھیں بھی دی ہوئی ہیں۔ اور اگر آنکھ سے کوئی چیز نظر نہ آئے تو زبان اور ہونٹوں سے پوچھ کر وہ اپنے شُبہات کو دور کر سکتا ہے اور اس طرح ان کے تمام عُذر توڑ دیئے ہیں اور کلام الٰہی نازل کرکے ان پر واضح کر دیا ہے کہ ہدایت اور گمراہی کیا ہے۔ روحانی آنکھیں دے کر ان کو اس بات کی توفیق دے دی ہے کہ وہ کلام الٰہی کی خوبیوں کو پہچان سکیں اور زبان اور ہدایت دے کر اس قابل بنا دیا ہے کہ اگر کلام الٰہی کا کوئی حصہ سمجھ نہ آئے، تو دوسروں سے پوچھ کر اس کا مطلب سمجھ لیں۔
(مگر) وہ پھر بھی چوٹی پر نہ چڑھا۔[8]
[8] یعنی باوجود اتنے نیک سامانوں کے کافر انسان پھر بھی ترقی کی چوٹی پر نہ چڑھا۔ بلکہ گمراہی کے گڑھے میں گرا رہا۔