۹۶۔ سورۃ العلق

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اپنے رب کا نام لے کر پڑھ[1]، جس نے (سب اشیا کو) پیدا کیا۔

[1] مفسرین اور مسیحیوں نے اس جگہ ایک غلطی کی ہے اور لکھا ہے کہ فرشتہ نے غارِ حرا میں ریشم پر لکھی ہوئی ایک تحریر دکھا کر کہا تھا کہ ’’پڑھو‘‘ مگر اصل بات یہ ہے کہ اِقْرَأْ کے معنے عربی زبان میں صرف پڑھنے کے نہیں بلکہ دوسرے کی بات دہرانے کے بھی ہیں۔ پس اس سورت میں بتایا گیا ہے کہ جب فرشتہ پہلی دفعہ خدا کی وحی لایا تو اس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ جو کچھ میں کہتا جاؤں اسے دہراتے جاؤ۔ اس معنے سے غفلت کی وجہ سے ایک بیہودہ قصّہ بن گیا۔

(اور جس نے) انسان کو ایک خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔

(پھر ہم کہتے ہیں کہ قرآن کو) پڑھ کر سناتا رہ، کیونکہ تیرا رب بڑا کریم [2]ہے۔

[2] یعنی جتنا تو قرآن پڑھ کر لوگوں کو سنائے گا، اتنا ہی تیرے رب کا شرف اور انسان کا شرف ظاہر ہوگا۔

وہ رب جس نے قلم کے ساتھ علم سکھایا (ہے اور آئندہ بھی سکھائے گا)

اس نے انسان کو (وہ کچھ) سکھایا ہے جو وہ پہلے نہیں جانتا تھا۔

(جیسا وہ خیال کرتے ہیں اس طرح) نہیں بلکہ انسان یقیناً حد سے گذر رہا ہے۔

اس طرح کہ وہ اپنے آپ کو (خدا کے فضل سے) مستغنی سمجھتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ تیرے رب ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

(اے مخاطب)! تو (مجھے) اس (شخص) کی (حالت کی) خبر دے، جو ایک

(عبادت گذار) بندے کو جب وہ نماز میں مشغول ہوتا ہے (نماز سے) روکتا [1]ہے

[1] ظاہری طور پر تو عَبْد کے لفظ سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف اشارہ ہے اور بتایا گیا ہے کہ جب آپ خانہ کعبہ میں نماز پڑھتے تھے تو کافر آکر آپ کے سر اور جسم مبارک پر مٹی ڈال دیتے تھے اور ایک دفعہ تو انہوں نے اونٹ کی اوجھری آپ کے سر پر رکھ دی تھی جس کی وجہ سے آپ سجدہ سے سر نہ اٹھا سکتے تھے۔

(اے مخاطب) تو (مجھے) بتا تو سہی کہ اگر وہ (نماز پڑھنے والا بندہ) ہدایت پر ہو۔

آج 10 میں سے 10 باقی