دلائل ہستی باری تعالیٰ

دس دلائل ہستی باری تعالیٰ

2
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم
افی اللَّهِ شَكٌ فَاطِرِ السَّمَوتِ وَالْأَرْضِ
دلائل ہستی باری تعالی
اس زمانہ میں عقائد و ایمانیات پر جو مادی دنیا نے اعتراضات کئے ہیں ان میں سے سب
سے بڑا مسئلہ انکار ذات باری ہے۔مشرک گو خدا کا شریک ان کو بناتا ہے لیکن کم سے کم خدا تعالیٰ
کے وجود کا تو قائل ہے دہر یہ بالکل ہی انکاری ہے موجودہ سائنس نے ہر چیز کی بنیاد مشاہدات پر
رکھی ہے اسلئے دہر یہ سوال کرتے ہیں کہ اگر کوئی خدا ہے تو ہمیں دکھاؤ ہم بغیر دیکھے کے اسے کیونکر
مان لیں۔چونکہ اسوقت کی ہوا نے اکثر نو جوانوں کے دلوں میں اس پاک ذات کے نقش کو مٹادیا
ہے اور کالجوں کے سینکڑوں طالب علم اور بیرسٹر وغیرہ وجود باری کے منکر ہورہے ہیں اور انکی تعداد
روز افزوں ہے اور ہزاروں آدمی ایسے پائے جاتے ہیں جو بظا ہر قوم و ملک کے خوف سے اظہار تو
نہیں کرتے لیکن فی الحقیقت اپنے دلوں میں وہ خدا پر کچھ یقین نہیں رکھتے۔اس لئے میں نے
ارادہ کیا کہ اگر اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے تو میں اس پر ایک چھوٹا ساٹریکٹ لکھ کر شائع کروں شائد
کسی سعید روح کو اس سے فائدہ پہنچ جائے۔1 - دہریوں کا پہلا سوال یہ ہے کہ اگر خدا ہمیں دکھا دو تو ہم مان لیتے ہیں۔مجھے اس سوال کے سنے کا کئی بار موقع ملا ہے لیکن ہمیشہ اس کے سننے سے حیرت ہوتی ہے
انسان مختلف چیزوں کو مختلف حواس سے پہچانتا ہے کسی چیز کو دیکھ کر کسی کو چھوکر کسی کو سونگھ کر کسی کو
سن کر کسی کو چکھ کر ، رنگ کا علم دیکھنے سے ہو سکتا ہے سونگھنے یا چھونے یا چکھنے سے نہیں پھر اگر کوئی

3
شخص کہے کہ میں تو رنگ کو تب مانوں گا کہ اگر مجھے اسکی آواز سنواؤ تو کیا وہ شخص بیوقوف ہے یا
نہیں۔اسی طرح آواز کا علم سننے سے ہوتا ہے لیکن اگر کوئی شخص کہے کہ مجھے فلاں شخص کی آواز
دکھاؤ پھر میں دیکھ کر مانوں گا کہ وہ بولتا ہے تو کیا ایسا شخص جاہل ہوگا یا نہیں۔ایسا ہی خوشبو سونگھ کر
معلوم ہوتی ہے لیکن اگر کوئی شخص طلب کرے کہ اگر تم مجھے گلاب کی خوشبو چکھا دو تو تب میں
مانوں گا تو کیا ایسے شخص کو دانا کہہ سکیں گے۔اس کے خلاف چکھ کر معلوم کرنے والی چیزوں یعنی
ترشی ، شیرینی، کڑواہٹ نمکینی کو اگر کوئی سونگھ کر معلوم کرنا چاہے تو کبھی نہیں کرسکتا پس یہ کوئی
ضروری نہیں کہ جو چیز سامنے نظر آئے اسے تو ہم مان لیں اور جو چیز سامنے نظر نہ آئے اسے نہ
مانیں ورنہ اس طرح تو گلاب کی خوشبو، لیموں کی ترشی ،شہد کی مٹھاس، مصبر کی کڑواہٹ، لوہے کی
سختی ، آواز کی خوبی سب کا انکار کرنا پڑیگا کیونکہ یہ چیزیں تو نظر نہیں آتیں بلکہ سونگھنے چکھنے چھونے
اور سننے سے معلوم ہوتی ہیں پس یہ اعتراض کیسا غلط ہے کہ خدا کو ہمیں دکھاؤ تب ہم مانیں گے کیا
یہ معترض گلاب کی خوشبو کو دیکھ کر مانتے ہیں یا شہد کی شیرینی کو پھر کیا وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات
کے متعلق یہ شرط پیش کی جاتی ہے کہ دکھا دو تب مانیں گے۔علاوہ ازیں انسان کے وجود میں خود ایسی چیزیں موجود ہیں کہ جن کو بغیر دیکھے کے یہ مانتا
ہے اور اسے ماننا پڑتا ہے۔کیا سب انسان اپنے دل جگر دماغ انتڑیاں پھیپھڑے اور تلی کو دیکھ کر
مانتے ہیں یا بغیر دیکھے کے۔اگر ان چیزوں کو اس کے دکھانے کیلئے نکالا جاوے تو انسان اسی
وقت مرجائے اور دیکھنے کی نوبت ہی نہ آئے۔یہ مثالیں تو میں نے اس بات کی دی ہیں کہ سب چیزیں صرف دیکھنے سے ہی معلوم نہیں
ہوتیں بلکہ پانچ مختلف حواس سے ان کا علم ہوتا ہے اب میں بتاتا ہوں کہ بہت سی چیزیں ایسی
ہیں کہ جن کا علم بلا واسطہ ان پانچوں حواس سے بھی نہیں ہوتا بلکہ ان کے معلوم کرنے کا ذریعہ ہی

4
اور ہے مثلاً عقل یا حافظہ یا ذہن ایسی چیزیں ہیں کہ جن کا انکار دنیا میں کوئی بھی نہیں کرتا لیکن کیا
کسی نے عقل کو دیکھا ہے یا سنا یا چکھایا سونگھا یا چھوا ہے پھر کیونکر معلوم ہوا کہ عقل کوئی چیز ہے یا
حافظہ کا کوئی وجود ہے پھر قوت ہی کو لے لو ہر انسان میں تھوڑی بہت قوت موجود ہے کوئی کمزور ہو
یا طاقت ور مگر کچھ نہ کچھ طاقت ضرور رکھتا ہے مگر کیا قوت کو آج تک کسی نے دیکھا یا سنایا
چھڑا یا چکھا ہے پھر کیونکر معلوم ہوا کہ قوت بھی کوئی چیز ہے اس بات کو ایک جاہل سے جاہل
انسان بھی سمجھ سکتا ہے کہ ان چیزوں کو ہم نے اپنے حواس سے معلوم نہیں کیا بلکہ ان کے اثرات کو
معلوم کر کے ان کا پتہ لگایا ہے مثلاً جب ہم نے دیکھا کہ انسان مختلف مشکلات میں گھر کر کچھ دیر
غور کرتا ہے اور کوئی ایسی تدبیر نکالتا ہے جس سے وہ اپنی مشکلات دور کر لیتا ہے جب اس طرح
مشکلات کو حل ہوتے ہوئے ہم نے دیکھا تو یقین کر لیا کہ کوئی چیز ایسی انسان میں موجود ہے جو
ان موقعوں پر اس کے کام آتی ہے اور اس چیز کا نام ہم نے عقل رکھا۔پس عقل کو بلا واسطہ ہم نے
پانچوں حواسوں میں سے کسی سے بھی دریافت نہیں کیا بلکہ اس کے کرشموں کو دیکھ کر اسکا علم حاصل
کیا اسی طرح جب ہم نے انسان کو بڑے بڑے بوجھ اٹھاتے دیکھا تو معلوم کیا کہ اس میں کچھ
ایسا مادہ ہے جس کی وجہ سے یہ بوجھ اٹھا سکتا ہے اپنے سے کمزور چیزوں کو قابو کر لیتا ہے اور اس کا
نام قوت یا طاقت رکھ دیا۔اس طرح جس قدر لطیف سے لطیف اشیاء کو لیتے جاؤ گے انکے وجود انسانوں کی نظروں سے
غائب ہی نظر آئیں گے اور ہمیشہ ان کے وجود کا پتہ ان کے اثر سے معلوم ہوگا نہ کہ خود انہیں دیکھ
کر یا سونگھ کر یا چکھ اور چُھو کر۔پس اللہ تعالیٰ کی ذات جو الطف سے الطف ہے اس کا علم حاصل کرنے کیلئے ایسی ایسی
قیدیں لگانی کس طرح جائز ہوسکتی ہیں کہ آنکھوں کے دیکھے بغیر اسے نہیں مانیں گے کیا بجلی کو کہیں

5
کسی نے دیکھا پھر کیا الیکٹرسٹی کی مدد سے جو تار خبریں پہنچتی ہیں یا مشینیں چلتی ہیں یا روشنی کی جاتی
ہے اسکا انکار کیا جا سکتا ہے۔ایتھر کی تحقیقات نے فزیکل علوم کی دنیا میں تہلکہ مچادیا ہے لیکن کیا
اب تک سائنس کے ماہرین اسکے دیکھنے سنے سونگھنے چھونے یا چکھنے کا کوئی ذریعہ نکال سکے۔لیکن
اس کا وجود نہ مانیں تو پھر یہ بات حل ہی نہیں ہو سکتی کہ سورج کی روشنی دنیا تک پہنچتی کیونکر
ہے۔پس کیسا ظلم ہے کہ ان شواہد کے ہوتے ہوئے کہا جاتا ہے کہ خدا کو دکھاؤ تو ہم ما نیں
گے۔اللہ تعالیٰ نظر تو آتا ہے لیکن انہیں آنکھوں سے جو اس کے دیکھنے کے قابل ہیں۔ہاں اگر
کوئی اسکے دیکھنے کا خواہشمند ہو تو وہ اپنی قدرتوں اور طاقتوں سے دنیا کے سامنے ہے اور باوجود
پوشیدہ ہونے کے سب سے زیادہ ظاہر ہے۔قرآن شریف میں اس مضمون کو نہایت ہی مختصر لیکن
بے نظیر پیرایہ میں اللہ تعالیٰ نے یوں بیان فرمایا ہے کہ لَا تُدْرِكُهُ الْأَبْصَارُ وَ هُوَ يُدْرِكُ
الْأَبْصَارَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ (الانعام : ۱۰۴) یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات ایسی ہے کہ نظریں
اس تک نہیں پہنچ سکتیں بلکہ وہ نظروں تک پہنچتا ہے اور وہ لطیف اور خبر دار ہے اس میں اللہ تعالیٰ
نے انسان کو اس طرف متوجہ کیا ہے کہ تیری نظر اس قابل نہیں کہ خدا کی ذات کو دیکھ سکے کیونکہ وہ
تولطیف ذات ہے اور لطیف اشیاء تو نظر نہیں آتیں جیسا کہ قوت ہے عقل ہے روح ہے بجلی ہے
ایتھر ہے یہ چیزیں کبھی کسی کو نظر نہیں آتیں پھر خدا کی لطیف ذات تک انسان کی نظریں کب پہنچ
سکتی ہیں۔ہاں پھر خدا کو لوگ کس طرح دیکھ سکتے ہیں اور اس کی معرفت کے حاصل کرنے کا کیا
طریق ہے اسکا جواب دیا کہ وَهُوَ يُدْرِكُ الابصار یعنی خود وہ نظروں تک پہنچتا ہے اور باوجود
اسکے کہ انسانی نظر کمزوری کی وجہ سے اس کی کنہ تک نہیں پہنچ سکتی وہ اپنی طاقت اور قوت کے
اظہار سے وہ اپنی صفات کا ملہ کے جلوہ سے اپنا وجود آپ انسان کو دکھاتا ہے اور گو نظر انسانی اس
کے دیکھنے سے قاصر ہے مگر وہ خود اپنا وجود اپنی لا انتہاء قوتوں اور قدرتوں سے مختلف پیراؤں

6
میں ظاہر کرتا ہے
کبھی قہری نشانوں سے کبھی انبیاء کے ذریعہ سے کبھی آثار رحمت سے اور کبھی
قبولیت دعا سے۔اب اس بات کے ثابت کر چکنے کے بعد کہ اگر اللہ تعالیٰ کو ماننا اس بات پر منحصر کیا جائے کہ
ہم اسے دکھا دیں اور سوائے دیکھنے کے کسی چیز کو ماناہی نہ جائے تو دنیا کی قریبا5 /4اشیاء کا انکار
کرنا پڑیگا اور بعض فلاسفروں کے قول کے مطابق تو کل اشیاء کا۔کیونکہ ان کا مذہب ہے کہ دنیا
میں کوئی چیز نظر نہیں آتی بلکہ صرف صفات ہی صفات نظر آتی ہیں۔اب میں اسطرف متوجہ ہوتا
ہوں کہ وہ کون سے دلائل ہیں جن سے وجود باری تعالیٰ کا پتہ لگتا ہے اور انسان کو یقین ہوتا ہے کہ
میرا خالق کوئی اور ہے اور میں ہی اپنا خالق نہیں۔دلیل اوّل
میں اپنے اس عقیدہ کے ماتحت کہ قرآن شریف نے کمالات روحانی کے حصول کے تمام
ذرائع بیان فرمائے ہیں۔ہستی باری کے کل دلائل قرآن شریف سے ہی پیش کرونگا۔وَمِن الله
التَّوْفیق اور چونکہ سب سے پہلا علم جو انسان کو اس دنیا میں آکر ہوتا ہے وہ کانوں سے ہوتا ہے
اسلئے میں بھی سب سے پہلے سماعی دلیل ہی لیتا ہوں۔اللہ تعالیٰ قرآن شریف میں ایک جگہ فرماتا ہے کہ قَدْ أَفْلَحَ مَنْ تَزَلَى وَذَكَرَ اسْمَ
رَبِّهِ فَصَلَّى بَلْ تُؤْثِرُونَ الْحَيَوةَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقَى إِنَّ هَذَا لَفِي
الصُّحُفِ الأولى صُحُفِ اِبْرَاهِيمَ وَمُوسَى ( الاعلیٰ : ۱۵ - ۲۰) یعنی مظفر و منصور ہو گیا وہ
شخص کہ جو پاک ہوا اور اسنے اپنے رب کا زبان سے اقرار کیا اور پھر زبان سے ہی نہیں بلکہ عملی
طور سے عبادت کر کے اپنے اقرار کا ثبوت دیا لیکن تم لوگ تو دنیا کی زندگی کو اختیار کرتے ہو

7
حالانکہ انجام کار کی بہتری ہی اصل بہتری اور دیر پا ہے۔اور یہ بات صرف قرآن شریف ہی پیش
نہیں کرتا بلکہ سب پہلی کتابوں میں یہ دعویٰ موجود ہے چنانچہ ابراہیم اور موسیٰ نے جو تعلیم دنیا کے
سامنے پیش کی اسمیں بھی یہ تعلیم موجود ہے۔اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے مخالفین قرآن پر یہ حجت پیش کی ہے کہ اپنی نفسانی خواہشوں
سے بچنے والے خدا کی ذات کا اقرار کر نیوالے اور پھر اس کا سچا فرمانبردار بننے والے ہمیشہ
کامیاب اور مظفر ہوتے ہیں۔اور اس تعلیم کی سچائی کا ثبوت یہ ہے کہ یہ بات پہلے مذاہب میں
مشترک ہے چنانچہ اسوقت کے بڑے مذاہب مسیحی یہودی اور کفار مکہ پر حجت کیلئے حضرت
ابراہیم اور موسی کی مثال دیتا ہے کہ ان کو تو تم مانتے ہو انہوں نے بھی یہ تعلیم دی ہے پس قرآن
شریف نے ہستی باری تعالیٰ کا ایک بہت بڑا ثبوت یہ بھی دیا ہے کہ کل مذاہب اس پر متفق ہیں اور
سب اقوام کا یہ مشترک مسئلہ ہے چنانچہ جس قدر اس دلیل پر غور کیا جائے نہایت صاف اور سچی
معلوم ہوتی ہے۔حقیقت میں کل مذاہب دنیا اس بات پر متفق ہیں کہ کوئی ہستی ہے جس نے کل
جہان کو پیدا کیا۔مختلف ممالک اور احوال کے تغیر کی وجہ سے خیالات اور عقائد میں بھی فرق پڑتا
ہے
لیکن باوجود اس کے جس قدر تاریخی مذاہب ہیں سب اللہ تعالیٰ کے وجود پر متفق اللسان ہیں گو
اس کی صفات کے متعلق ان میں اختلاف ہو موجودہ مذاہب یعنی اسلام مسیحیت، یہودیت ، بدھ
ازم سکھ ازم ، ہندو ازم اور زرتشتی سب کے سب ایک خدا ایلو ہیم، پرم ایشور، پرم آتما ، ست گرو، یا
یزدان کے قائل ہی ہیں مگر جو مذاہب دنیا کے پردہ سے مٹ چکے ہیں ان کے متعلق بھی آثار
قدیمہ سے یہ پتہ چلتا ہے کہ سب کے سب ایک خدا کے قائل اور معتقد تھے۔خواہ وہ مذاہب
امریکہ کے جدا شدہ ملک میں پیدا ہوئے ہوں یا افریقہ کے جنگلوں میں خواہ رو ما میں خواہ
انگلستان میں خواہ جاو او سماٹرا میں خواہ جاپان اور چین میں خواہ سائبیریا منچوریا میں۔یہ اتفاق

8
مذاہب کیونکر ہوا اور کون تھا جس نے امریکہ کے رہنے والے باشندوں کو ہندوستان کے عقائد
سے یا چین کے باشندوں کو اہل افریقہ کے عقائد سے آگاہ کیا۔پہلے زمانہ میں ریل و تار اور
ڈاک کا یہ انتظام تو تھا نہیں جو اب ہے۔نہ اس طرح جہازوں کی آمد ورفت کی کثرت تھی گھوڑوں
اور خچروں کی سواری تھی اور باد بانی جہاز آجکل کے دنوں کا سفر مہینوں میں کرتے تھے اور بہت
سے علاقے تو اس وقت دریافت بھی نہ ہوئے تھے پھر ان میں مختلف المذاق اور مختلف الرسوم
اور ایک دوسرے سے نا آشنا ممالک میں اس ایک عقیدہ پر کیونکر اتفاق ہو گیا۔من گھڑت
ڈھکوسلوں میں تو دو آدمیوں کا اتفاق ہونا مشکل ہوتا ہے پھر کیا اس قدر قوموں کا اور ملکوں کا اتفاق
جو آپس میں کوئی تبادلہ خیالات کا ذریعہ نہ رکھتی تھیں اس بات کی دلیل نہیں کہ یہ عقیدہ ایک امر
واقعہ ہے اور کسی نامعلوم ذریعہ سے جسے اسلام نے کھول دیا ہے ہر قوم پر اور ہر ملک میں اسکا
اظہار کیا گیا ہے۔اہل تاریخ کا اس امر پر اتفاق ہے کہ جس مسئلہ پر مختلف اقوام کے مؤرخ متفق
ہو جاویں اس کی راستی میں شک نہیں کرتے جب اس مسئلہ پر ہزاروں لاکھوں قوموں نے اتفاق
کیا ہے تو کیوں نہ یقین کیا جائے کہ کسی جلوہ کو دیکھ کر ہی سب دنیا اس خیال کی قائل ہوئی ہے۔دلیل دوم
دوسری دلیل جو قرآن شریف میں ہستی باری تعالیٰ کے متعلق دی ہے ان آیات سے معلوم
ہوتی ہے کہ وَتِلْكَ مُجَتُنَا أَتَيْنَهَا ابْرهِيمَ عَلَى قَوْمِهِ نَرْفَعُ دَرَجَتٍ مَّنْ نَّشَاءُ
اِنَّ رَبَّكَ حَكِيمٌ عَلِيمٌهِ وَوَهَبْنَا لَةَ إِسْحَقَ وَيَعْقُوبَ كُلًّا هَدَيْنَا، وَنُوحًا
هَدَيْنَا مِنْ قَبْلُ وَمِنْ ذُرِّيَّتِهِ دَاوُدَ وَسُلَيْمَنَ وَأَيُّوبَ وَيُوْسُفَ وَمُوسَى
وَهُرُوْنَ وَكَذَلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ وَزَكَرِيَّا وَيَحْيَى وَعِيسَى وَإِلْيَاسَ كُلُّ

9
منَ الصَّلِحِينَ ، وَاسْمعِيْلَ وَالْيَسَعَ وَيُونُسَ وَلُوْطًا، وَكُلًّا فَضَّلْنَا عَلَى
الْعَلَمِينَ (الانعام : ۸۴ تا۸۷) پھر کچھ آیات کے بعد فرمایا کہ أُولبِكَ الَّذِينَ هَدَى
اللهُ فَهُدهُمُ اقْتَدِةٌ (الانعام:۹۱) یعنی ایک دلیل ہے جو ہم نے ابراہیم کو اس کی قوم
کے مقابل میں دی اور ہم جس کے درجات چاہتے ہیں بلند کرتے ہیں تحقیق تیرا رب بڑا حکمت
والا اور علم والا ہے اور ہم نے اسے اسحاق و یعقوب دیئے ہر ایک کو ہم نے سچا راستہ دکھایا اور نوح
کو بھی ہم نے سچار استہ دکھایا اس سے پہلے اور اس کی اولاد میں سے داؤد اور سلیمان ایوب یوسف
موسیٰ اور ہارون کو بھی اور ہم نیک اعمال میں کمال کرنے والوں کے ساتھ اسی طرح سلوک کیا
کرتے ہیں اور زکریا یحیی عیسی اور الیاس کو بھی راہ دکھایا اور یہ سب لوگ نیک تھے اور اس
سمعیل اور
یع اور لوط کو بھی راستہ دکھایا اور ان سب کو ہم نے اپنے اپنے زمانہ کے لوگوں پر فضیلت دی تھی
اور پھر فرماتا ہے کہ یہ وہ لوگ تھے کہ جن کو خدا نے ہدایت دی پس تو ان کے طریق کی پیروی
کر۔ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ اس قدر نیک اور پاک لوگ جس بات کی گواہی
دیتے ہیں وہ مانی جائے یا وہ بات جو دوسرے ناواقف لوگ کہتے ہیں اور اپنے چال چلن سے ان
کے چال چلن کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔سیدھی بات ہے کہ انہیں لوگوں کی بات کو وقعت دی جاویگی
جو اپنے چال چلن اور اپنے عمل سے دنیا پر اپنی نیکی اور پاکیزگی اور گناہوں سے بچنا اور جھوٹ
سے پر ہیز کرنا ثابت کر چکے ہیں پس ہر ایک شخص کا فرض ہے کہ وہ انہیں کا تتبع کرے اور ان کے
مقابل میں دوسرے لوگوں کی بات کا انکار کر دے چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ جس قدر نیکی اور خلق
کے پھیلانے والے گزرے ہیں اور جنہوں نے اپنے اعمال سے دنیا پر اپنی راستی کا سکہ بٹھا دیا
تھا وہ سب کے سب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ ایک ایسی ہستی ہے جسے مختلف زبانوں میں
اللہ یا گاڈ یا پر میشور کہا گیا ہے ہندوستان کے راستباز رامچندر کرشن ، ایران کا راستباز زرتشت

10
مصر کا راستباز موسی ، ناصرہ کا راستباز مسیح ، پنجاب کا ایک راستباز نانگ پھر سب راستبازوں کا
سرتاج عرب کا نور محمد مصطف سال ریتم جس کو اسکی قوم نے بچپن سے صادق کا خطاب دیا اور جو کہتا
ہے کہ فَقَدْ لَبِثْتُ فِيكُمْ عُمر (یونس : ۱۷ ) میں نے تو تم میں اپنی عمر گزاری ہے کیا تم میرا
کوئی جھوٹ ثابت کر سکتے ہو اور اسکی قوم کوئی اعتراض نہیں کرتی اور ان کے علاوہ اور ہزاروں
راستباز جو وقتا فوقتا دنیا میں ہوئے ہیں یک زبان ہو کر پکارتے ہیں کہ ایک خدا ہے اور یہی
نہیں بلکہ کہتے ہیں کہ ہم نے اس سے ملاقات کی اور اس سے ہم کلام ہوئے۔بڑے سے بڑے
فلاسفر جنہوں نے دنیا میں کوئی کام کیا ہو وہ ان میں سے ایک کے کام کا ہزارواں حصہ بھی پیش
نہیں کر سکتے بلکہ اگر ان لوگوں اور فلاسفروں کی زندگی کا مقابلہ کیا جائے تو فلاسفروں کی زندگی میں
اقوال سے بڑھ کر افعال کے باب بہت ہی کم نظر آئیں گے۔وہ صدق اور راستی جو انہوں نے
دکھائی وہ فلاسفر کہاں دکھا سکے؟ وہ لوگوں کو راستی کی تعلیم دیتے ہیں مگر خود جھوٹ سے پر ہیز نہیں
کرتے لیکن اس کے مقابلہ میں وہ لوگ جن کا نام میں اوپر لے چکا ہوں صرف راستی کی خاطر
ہزاروں تکلیفوں کو برداشت کرتے رہے لیکن کبھی ان کا قدم اپنی جگہ سے نہیں ہلا اس کے قتل کرنے
کے منصوبے کئے گئے۔ان کو وطنوں سے خارج کیا گیا، ان کو گلیوں اور بازاروں میں ذلیل
کرنے کی کوشش کی گئی، ان سے کل دنیا نے قطع تعلق کر لیا مگر انہوں نے اپنی بات نہ چھوڑی اور
کبھی نہ کیا کہ لوگوں کی خاطر جھوٹ بول کر اپنے آپ کو بچالیتے اور ان کے عمل نے ، انکی دنیا سے
نفرت نے نمائش سے علیحدگی نے اس بات کو ثابت کر دیا کہ وہ بے غرض تھے اور کسی نفسانی
غرض سے کوئی کام نہ کرتے تھے۔پھر ایسے صادق ایسے قابل اعتبار یک زبان ہو کر کہہ رہے
ہیں کہ ہم نے اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی اسکی آواز سنی اور اس کے جلوے کا مشاہدہ کیا تو ان کے
قول کا انکار کرنے کی کسی کے پاس کیا وجہ ہے۔جن لوگوں کو ہم روز جھوٹ بولتے سنتے ہیں وہ بھی

11
چندمل کر ایک بات کی گواہی دیتے ہیں تو ماننا ہی پڑتا ہے جن کے احوال سے ہم بالکل ناواقف
ہوتے ہیں وہ اخباروں میں اپنی تحقیقات شائع کرتے ہیں تو ہم تسلیم کر لیں گے مگر نہیں مانتے تو
ان راستبازوں کا کلام نہیں مانتے۔دنیا کہتی ہے کہ لندن ایک شہر ہے اور ہم اسے تسلیم کرتے ہیں
جغرافیہ والے لکھتے ہیں کہ امریکہ ایک بڑاعظم ہے اور ہم اسکی تصدیق کرتے ہیں سیاح کہتے
ہیں کہ سائبیریا ایک وسیع اور غیر آباد علاقہ ہے ہم اس کا انکار نہیں کرتے۔کیوں؟ اس لئے کہ
بہت سے لوگوں کی گواہی اس پر ہوگئی ہے۔حالانکہ ہم ان گواہوں کے حالات سے واقف نہیں
کہ وہ جھوٹے ہیں یا بچے مگر اللہ تعالیٰ کے وجود پر عینی گواہی دینے والے وہ لوگ ہیں کہ جن کی
سچائی روز روشن کی طرح عیاں ہے انہوں نے اپنے مال و جان وطن عزت و آبر وکوتباہ کر کے راستی
کو دنیا میں قائم کیا پھر ان سیاحوں اور جغرافیہ والوں کی بات کو ماننا اور ان راستبازوں کی بات کو نہ
ماننا کہاں کی راستبازی ہے۔اگر لندن کا وجود چندلوگوں سے سن کر ثابت ہوسکتا ہے تو اللہ تعالیٰ کا
وجود ہزاروں راستبازوں کی گواہی پر کیوں ثابت نہیں ہوسکتا۔غرضیکہ ہزاروں راستبازوں کی شہادت جو اپنے عینی مشاہدہ پر خدا تعالیٰ کے وجود کی گواہی
دیتے ہیں کسی صورت میں بھی رد کے قابل نہیں ہو سکتی تعجب ہے کہ جو اس کو چہ میں پڑے ہیں وہ تو
سب با تفاق کہہ رہے ہیں کہ خدا ہے لیکن جو روحانیت کے کوچہ سے بالکل بے بہرہ ہیں وہ کہتے ہیں
کہ ان کی بات نہ مانو کہ خدا ہے حالانکہ اصول شہادت کے لحاظ سے اگر دو برابر کے راستباز آدمی
بھی ایک معاملہ کے متعلق گواہی دیں تو جو کہتا ہے کہ میں نے فلاں چیز کو دیکھا اسکی گواہی کو اسکی
گواہی پر جو کہتا ہے میں نے اس چیز کو نہیں دیکھا ترجیح دی جائے گی کیونکہ یہ ممکن ہے کہ ان میں
سے ایک کی نظر اس چیز پر نہ پڑی ہو لیکن یہ ناممکن ہے کہ ایک نے نہ دیکھا ہو اور سمجھ لے کہ میں
نے دیکھا ہے پس خدا کے دیکھنے والوں کی گواہی اس کے منکروں پر بہر حال حجت ہوگی۔

12
دلیل سوم
تیسری دلیل جو قرآن شریف سے معلوم ہوتی ہے یہ ہے کہ انسان کی فطرت خود خدا تعالیٰ
کی ہستی پر ایک دلیل ہے کیونکہ بعض ایسے گناہ ہیں کہ جن کو فطرت انسانی قطعی طور پر نا پسند کرتی
ہے ماں بہن اور لڑکی کے ساتھ زنا ہے۔پاخانہ پیشاب اور اس
قسم کی نجاستوں کے ساتھ تعلق
ہے۔جھوٹ ہے یہ سب ایسی چیزیں ہیں کہ جن سے ایک دہریہ بھی پر ہیز کرتا ہے مگر کیوں ؟ اگر
کوئی خدا نہیں تو کیوں؟ وہ کیوں ماں اور بہن اور دوسری عورتوں میں کچھ فرق جانتا ہے جھوٹ کو
کیوں برا جانتا ہے۔کیا دلائل ہیں کہ جنہوں نے مذکورہ بالا چیزوں کو اس کی نظر میں بدنما قرار دیا
ہے اگر کسی بالائی طاقت کا رعب اس کے دل پر نہیں تو وہ کیوں ان سے احتراز کرتا ہے؟ اسکے لئے
تو جھوٹ اور سچ ظلم اور انصاف سب ایک ہی ہونا چاہئے جو دل کی خوشی ہوئی کرلیا۔وہ کو
نسی شریعت ہے جو اسکے جذبات پر حکومت کرتی ہے جس نے دل پر اپنا تخت رکھا ہے۔اور گو
ایک دہر یہ زبان سے اسکی حکومت سے نکل جائے لیکن وہ اسکی بنائی ہوئی فطرت سے باہر نہیں نکل
سکتا اور گناہوں سے اجتناب یا اسکے اظہار سے اجتناب اسکے لئے ایک دلیل ہے کہ کسی بادشاہ کی
جوابدہی کا خوف ہے جو اس کے دل پر طاری ہے گو وہ اسکی بادشاہت کا انکار ہی کرتا ہے قرآن
شریف میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ لَا أُقْسِمُ بِيَوْمِ الْقِيمَةِ ، وَلَا أُقْسِمُ بِالنَّفْسِ
اللَّوْامَةِ (القيمة :۳،۲) یعنی جیسا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ نہ خدا ہے نہ جزا سزا ہے ایسا نہیں
بلکہ ہم ان امور کی شہادت کیلئے دو چیزیں پیش کرتے ہیں ایک تو اس بات کو کہ ہر بات کیلئے ایک
قیامت کا دن مقرر ہے جس میں کہ اس کا فیصلہ ہوتا ہے اور نیکی کا بدلہ نیک اور بدی کا بدلہ بدل جاتا
ہے اگر خدا نہیں تو جزاء وسزا کیونکرمل رہی ہے اور جو لوگ قیامت کبری کے منکر ہیں وہ دیکھ لیں کہ

13
قیامت تو اس دنیا سے شروع ہے زانی کو آتشک و سوز اک ہوتا ہے شادی شدہ کو تو نہیں ہوتا حالانکہ
دونوں ایک ہی کام کر رہے ہوتے ہیں۔دوسری شہادت نفس لوامہ ہے یعنی انسان کا نفس خود
ایسے گناہ پر ملامت کرتا ہے کہ یہ بات بری ہے اور گندی ہے دہر یہ بھی زنا اور جھوٹ کو برا جا نیں
گے تکبر اور حسد کو اچھا نہ سمجھیں گے مگر کیوں؟ ان کے پاس تو کوئی شریعت نہیں۔اس لئے نا کہ ان
کا دل بر امانتا ہے اور دل اسی لئے برا مانتا ہے کہ مجھے اس فعل کی ایک حاکم اعلیٰ کی طرف سے سزا
ملے گی گو وہ لفظوں میں اسے ادا نہیں کر سکتا اسی کی تائید میں ایک اور جگہ قرآن شریف میں ہے
فَالْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقُوهَا (الشمس: 9) اللہ تعالیٰ نے ہر نفس میں نیکی اور بدی کا الہام کر دیا
ہے پس نیکی بدی کا احساس خود خدا کی زبر دست دلیل ہے اگر خدا نہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ایک چیز کو
نیک اور ایک کو بد کہا جاوے جو دل میں آئے لوگ کیا کریں۔چوتھی دلیل
چوتھی دلیل جو قرآن شریف سے ذات باری کے متعلق معلوم ہوتی ہے یہ ہے وَانّ الی
رَبَّكَ الْمُنْتَهى وَأَنَّهُ هُوَ اضْحَكَ وابكى وَأَنَّهُ هُوَ امَاتَ وَأَحْيَانِ وَأَنَّهُ خَلَقَ
الزَّوْجَيْنِ الذَّكَرَ وَالْأُنْثَى مِنْ نُّطْفَةٍ إِذَا تُحملی (النجم: ۴۳-۴۷) یعنی یہ بات ہر
ایک نبی کی معرفت ہم نے پہنچادی ہے کہ ہر ایک چیز کا انتہاء اللہ تعالیٰ کی ذات پر ہی جا کر ہوتا
ہے اور خواہ خوشی کے واقعات ہوں یا رنج کے وہ خدا ہی کی طرف سے آتے ہیں اور موت اور
حیات سب اسی کے ہاتھ میں ہیں اور اسنے مرد و عورت دونوں کو پیدا کیا ہے ایک چھوٹی سی چیز
سے جس وقت وہ ڈالی گئی۔ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو اسطرف متوجہ کیا ہے کہ ہر ایک فعل کا ایک فاعل ہوتا

آج 10 میں سے 10 باقی