صحیح بخاری 1354: باب إِذَا أَسْلَمَ الصَّبِيُّ فَمَاتَ هَلْ يُصَلَّى عَلَيْهِ وَهَلْ يُعْرَضُ عَلَى الصَّبِ …
عبدان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ (بن عمر) نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے بیان کیا کہ حضرت عمرؓ نبی ﷺ کی معیت میں کچھ لوگوں کے ساتھ ابن صیاد کی طرف گئے تو اسے بنی مغالہ کے مکانوں کے پاس بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے پایا اور ابن صیاد بلوغت کے قریب تھا۔ اسے معلوم نہ ہوا، یہاں تک کہ نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ سے اسے تھپکا اور اس کے بعد ابن صیاد سے پوچھا: کیا تو شہادت دیتا ہے کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ اس پر ابن صیاد نے آپؐ کی طرف دیکھا اور کہا: میں شہادت دیتا ہوں کہ آپؐ اُمیّوں کے رسول ہیں۔ پھر ابن صیاد نے نبی ﷺ سے پوچھا: کیا آپؐ گواہی دیتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ تو آپؐ نے اس کو چھوڑ دیا اور فرمایا: میں اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان رکھتا ہوں۔ پھر آپؐ نے اس سے پوچھا تو کیا کچھ دیکھتا ہے؟ ابن صیاد نے کہا: مجھے سچی اور جھوٹی خبریں آتی ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اصل حقیقت تجھ پر مشتبہ کردی گئی ہے۔ اس کے بعد نبی ﷺ نے اس سے پوچھا: میں نے تیرے لئے ایک بات دل میں پوشیدہ رکھی۔ تو ابن صیاد نے کہا: وہ دُخ ہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: چل دور ہو۔ تو اپنی بساط سے کبھی آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اس کی گردن اڑانے دیجئے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تو یہ وہی (دجّال) ہے تو تم کو اس پر کبھی غلبہ نہیں دیا جائے گا اور اگر وہ نہ ہوا تو تمہارے لئے اس کے مار ڈالنے میں کوئی بھلائی نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah