صحیح بخاری 2244: باب السَّلَمِ إِلَى مَنْ لَيْسَ عِنْدَهُ أَصْلٌ
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا، (کہا کہ ابواسحاق) شیبانی نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن ابی المجالد نے ہمیں بتایا، کہا کہ عبداللہ بن شداد اور ابوبردہ نے مجھے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما کے پاس بھیجا اور انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھو: کیا نبی ﷺ کے صحابہ نبی ﷺ کے زمانہ میں گندم میں بیع سلم کیا کرتے تھے؟ حضرت عبداللہؓ نے کہا کہ ہم ملک شام کے کاشتکاروں کو گندم اور جو اور زیتون کی خرید کے لئے ماپ اور مدت مقرر کرکے پیشگی رقم دیا کرتے تھے۔ میں نے پوچھا: انہی لوگوں کو جن کے پاس اصل جنس ہوتی؟ کہا: ہم اس کی بابت ان سے پوچھا نہیں کرتے تھے۔ پھر ان دونوں نے مجھے حضرت عبدالرحمن بن ابزیٰ ؓ کے پاس بھیجا اور میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے صحابہ نبی ﷺ کے زمانے میں بیع سلم کیا کرتے تھے اور ہم ان (بیچنے والوں) سے یہ نہیں پوچھا کرتے تھے کہ آیا ان کی کھیتی ہے یا نہیں۔
اسحاق (بن شاہین) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سلیمان) شیبانی سے، شیبانی نے محمد بن ابی مجالد سے یہی حدیث نقل کی ہے (اور وہ یوں ہے:) اور انہوں نے کہا: ہم گندم اور جو کے لئے ان کو پیشگی رقم دیا کرتے تھے۔ اور عبداللہ بن ولید نے جو سفیان سے روایت کی۔ (سفیان نے کہا کہ) شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ اس میں زیتون کا لفظ زیادہ ہے۔ (اور قتیبہ کی روایت یوں ہے:) قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) کہ جریر نے ہمیں بتایا کہ شیبانی سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور جو اور منقیٰ کے لئے (پیشگی قیمت دیا کرتے تھے) (پہلی روایت میں زیتون کا لفظ تھا تو اِس میں منقیٰ کا ذکر ہے۔)
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا خَالِدُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ عَنِ الشَّيْبَانِيِّ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي مُجَالِدٍ بِهَذَا وَقَالَ فَنُسْلِفُهُمْ فِي الْحِنْطَةِ وَالشَّعِيرِ. وَقَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الْوَلِيدِ عَنْ سُفْيَانَ حَدَّثَنَا الشَّيْبَانِيُّ وَقَالَ وَالزَّيْتِ. حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا جَرِيرٌ عَنِ الشَّيْبَانِيِّ وَقَالَ فِي الْحِنْطَةِ وَالشَّعِيرِ وَالزَّبِيبِ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah