صحیح بخاری 2339: بَابُ مَا كَانَ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُوَاسِي بَعْض …
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالنجاشی سے، جو رافع بن خدیج کے آزاد کردہ غلام تھے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت رافع بن خدیج بن رافعؓ سے سنا۔ وہ اپنے چچا حضرت ظُہَیر بن رافعؓ سے روایت کرتے تھے۔ ظُہَیر نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں ایک ایسی بات سے منع فرمایا جو ہمارے لئے فائدہ مند تھی۔ میں نے کہا: جو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، وہی بجا تھا۔ ظُہَیر نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ آپؐ نے پوچھا: تم اپنے کھیتوں کو کیا کرتے ہو؟ میں نے کہا: ہم انہیں ٹھیکہ پر دیتے ہیں؛ اس شرط پر کہ جو نالیوں کے قریب پیدا وار ہو، وہ ہم لیں گے اور کھجور اور جَو میں چند وسق کے حساب سے۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کیا کرو۔ تم خود ان میں کاشت کرو یا ان میں کاشت کراؤ یا انہیں خالی رہنے دو۔ حضرت رافعؓ کہتے تھے: میں نے کہا: میں نے سن لیا ہے اور ایسا ہی ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah