صحیح بخاری 2405: باب الشَّفَاعَةِ فِي وَضْعِ الدَّيْنِ
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہؓ شہید ہوئے اور بال بچے اور قرض چھوڑ گئے۔ میں نے قرض خواہوں سے چاہا کہ وہ اُن کے قرض سے کچھ چھوڑ دیں۔ وہ نہ مانے تو میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے چاہا کہ اُن کے پاس اس کی سفارش فرمائیں۔ وہ پھر بھی نہ مانے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنی کھجوروں کو قسم وار ترتیب دو اور انہیں علیحدہ علیحدہ کر دو۔ عذق بن زید قسم کی کھجور الگ ہو اور لِین الگ ہو اور عجوہ الگ ہو۔ پھر میرے آنے تک قرض خواہوں کو لے آئو۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ پھر آپ ﷺ آئے اور کھجوروں کے ڈھیر پر بیٹھ گئے اور ہر شخص کو ماپ کر دیتے گئے یہاں تک کہ ہر شخص نے اپنا حق پورا کا پورا پالیا اور کھجور ویسی ہی رہی، گویا کہ اسے کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah