صحیح بخاری 2411: باب مَا يُذْكَرُ فِي الإِشْخَاصِ وَالْخُصُومَةِ بَيْنَ الْمُسْلِمِ وَالْيَهُودِ
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ اور عبدالرحمن اعرج سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دو اشخاص نے آپس میں گالی گلوچ کی۔ ایک مسلمان تھا اور ایک یہودی۔ مسلمان نے کہا: اُس ذات کی قسم! جس نے حضرت محمد ﷺ کو تمام قوموں میں سے بہتر سمجھ کر منتخب کیا۔ تو یہودی نے کہا: اُس ذات کی قسم! جس نے حضرت موسٰی ؑ کو تمام قوموں میں سے بہتر سمجھ کر منتخب کیا۔ اس پر مسلمان نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہودی کے منہ پر تھپڑ لگایا۔ وہ یہودی نبی ﷺ کے پاس گیا اور اُس نے جو واقعہ اُس کے اور مسلمان کے درمیان گزرا تھا، وہ بیان کیا۔ نبی ﷺ نے اُس مسلمان کو بلایا اور آپؐ نے اس سے اس (شکایت) کی بابت دریافت فرمایا۔ اُس نے آپؐ سے سارا ماجرا بیان کیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: موسٰی ؑ پر مجھے فضیلت نہ دو؛ کیونکہ لوگ قیامت کے روز بے ہوش ہو جائیں گے۔ میں بھی اُن کے ساتھ بے ہوش ہوں گا اور میں ہی پہلا ہوں گا جسے ہوش آئے گا۔ تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ موسٰی ؑ عرشِ الٰہی کا پایہ پکڑے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا آیا وہ بھی اُن میں سے تھے جو بے ہوش ہوئے اور پھر انہوں نے مجھ سے پہلے ہوش سنبھالا، یا وہ اُن میں سے تھے جنہیں اللہ نے مستثنیٰ کیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 1: باب مَا يُذْكَرُ فِي الإِشْخَاصِ وَالْخُصُومَةِ بَيْنَ الْمُسْلِمِ وَالْيَهُودِ