صحیح بخاری 2417: باب كَلاَمِ الْخُصُومِ بَعْضِهِمْ فِي بَعْضٍ
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص قسم کھائے اور وہ اُس میں جھوٹا ہو اور اس (قسم) کے ذریعے سے کسی مسلم کا مال مار لے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ اُس سے ناراض ہوگا۔ کہا کہ حضرت اشعثؓ کہتے تھے: بخدا یہ بات تو (آپؐ نے) میری ہی نسبت (فرمائی) تھی۔ (واقعہ یہ ہوا کہ) میری اور ایک یہودی کی مشترکہ زمین تھی تو اُس نے میرے حق کا انکار کر دیا۔ میں نے نبی ﷺ کے سامنے اُسے پیش کیا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے پوچھا: کیا تمہارے پاس شہادت ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: آپؐ نے اس یہودی سے کہا: قسم کھاؤ۔ (حضرت اشعثؓ) کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو قسم کھا لے گا اور میرا مال لے جائے گا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے بدلے تھوڑی پونجی لیتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah