صحیح بخاری 2419: باب كَلاَمِ الْخُصُومِ بَعْضِهِمْ فِي بَعْضٍ
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے عبدالرحمن بن عبدالقاری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ہشام بن حکیم بن حزامؓ کو سورۃ فرقان جیسے میں پڑھا کرتا تھا اس کے سوا دوسری طرح پڑھتے سنا۔ اور مجھے یہ (سورۃ) رسول اللہ ﷺ نے پڑھائی تھی اور قریب تھا کہ میں اُن پر لپک پڑتا مگر میں نے انہیں اتنی مہلت دی کہ انہوں نے نماز پڑھ لی۔ اُس کے بعد میں نے اُن کی چادر سینے سے پکڑ کر انہیں کھینچا اور رسول اللہ ﷺ کے پاس لے آیا۔ میں نے کہا: (سورۂ فرقان) جس طرح آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی اس کے خلاف (ہشام کو) اور طرح پڑھتے سنا ہے۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا: ان کو چھوڑ دو۔ پھر آپؐ نے اُن سے کہا: پڑھو۔ چنانچہ انہوں نے پڑھا۔ آپؐ نے فرمایا: اسی طرح نازل ہوئی ہے۔ اس کے بعد آپؐ نے مجھ سے فرمایا: تم پڑھو اور میں نے پڑھی تو آپؐ نے فرمایا: اسی طرح نازل ہوئی ہے۔ (پھر فرمایا:) قرآن سات اُسلوب پر نازل ہوا ہے۔ تم اُس میں سے جو بھی آسان ہو پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah