صحیح بخاری 2561: باب مَا يَجُوزُ مِنْ شُرُوطِ الْمُكَاتَبِ، وَمَنِ اشْتَرَطَ شَرْطًا لَيْسَ فِي كِتَابِ الل …
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اُن کو بتایا کہ بریرہؓ آئیں اور ان سے اپنی مکاتبت کے لئے مدد مانگی اور انہوں نے ابھی تک اپنی مکاتبت سے کچھ بھی ادا نہیں کیا تھا۔ حضرت عائشہؓ نے ان سے کہا کہ اپنے مالکوں کے پاس لوٹ جائو، اگر وہ پسند کریں تو مَیں تمہاری طرف سے مکاتبت ادا کر دوں اور تمہاری وراثت کا حق میرا ہوگا، تو میں ادا کئے دیتی ہوں۔ بریرہؓ نے اپنے مالکوں سے اس کا ذکر کیا تو وہ نہ مانے اور کہنے لگے کہ اگر حضرت عائشہؓ چاہیں کہ اللہ کی رضامندی کے لئے تم پر احسان کریں تو وہ کریں اور تمہارا حق وراثت ہمارا ہوگا۔ حضرت عائشہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: تم بریرہؓ کو خرید لو اور آزاد کردو، کیونکہ حق وراثت تو اس کا ہوتا ہے جس نے آزاد کیا ہو۔ انہوں نے کہا: اس کے بعد رسول اللہ ﷺ (خطبہ کے لئے) کھڑے ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: لوگوں کی کیا حالت ہے کہ ایسی شرطیں کرتے ہیں جو کتاب اللہ میں نہیں۔ جس نے کوئی ایسی شرط کی جو کتاب اللہ میں نہیں تو وہ اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکتا، اگرچہ وہ سوبار بھی شرط کرے۔ اللہ کی شرط ہی زیادہ لائق ہے (کہ اس پر عمل کیا جائے) اور وہ زیادہ مضبوط ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah